ایل جی نے سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو آج راج بھون مدعو کیا امرناتھ یاترا کے پرامن انعقاد اور دیگر مسائل پر تبادلہ خیال ہو گا

File Photo

سری نگر// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں و کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو آج شام کو راج بھون میں چائے پر مدعو کیا ہے تاکہ امرناتھ یاترا اور دیگر مسائل پر ہمہ گیر طریقے سے بات چیت اور غور و خوض کیا جا سکے۔

کشمیر نیوز سروس (کے این ایس) نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ایل جی نے جموں و کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کو آج شام 6 بجے راج بھون میں چائے پر دعوت نامہ بھیجا ہے تاکہ امرناتھ یاترا کے پرامن انعقاد اور جموں وکشمیر کے دیگر مسائل پر تفصیلی بات چیت اور غور و خوض کیا جا سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایل جی آج صبح جموں بیس کیمپ سے امرناتھ یاترا یاتریوں کے پہلے جتھے کو جموں سے امر ناتھ یاترا پر روانہ کیا ہے اور اسی دوران راج بھون نے جموں و کشمیر کی تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں کو دعوت نامہ بھیجا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ایل جی سنہا جیسے ہی آج سری نگر پہنچیں گے، وہ یاترا کے احسن انعقاد کے پیش نظر سیاسی جماعتوں کے سربراہان کے ساتھ میٹنگ کریں گے۔

جن لوگوں کو میٹنگ میں مدعو کیا گیا ہے ان میں بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر رینہ، این سی کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ، پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی، پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد لون، اپنی پارٹی کے صدر الطاف بخاری، سی پی آئی (ایم) لیڈر محمد یوسف تاریگامی، جے کے پی سی سی کے صدر جی اے میر، پی ڈی ایف کے صدر حکیم محمد یاسین اور کئی دوسرے شامل ہیں۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ امرناتھ یاترا کووڈ-19 وبائی امراض کی وجہ سے معطل رہنے کے لیے دو سال کے وقفے کے بعد منعقد کی جا رہی ہے۔ آرٹیکل 370 اور 35-اے کی منسوخی کے پیش نظر 2019 میں بھی یاترا کو مختصر کر دیا گیا تھا۔

یاترا کے ہموار انعقاد کے لیے، جموں و کشمیر میں سیکورٹی فورسز کی اضافی 500 کمپنیوں کو تعینات کرنے کے ساتھ بے مثال حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔

دریں اثنا، جموں و کشمیر میں سیاسی جماعتوں کے چند سربراہوں نے تصدیق کی کہ انہیں ایل جی نے آج راج بھون میں چائے پر مدعو کیا ہے۔

بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر رینہ نے کہا کہ انہیں بھی شام 6 بجے ہائی ٹی پر مدعو کیا گیا ہے جس میں دیگر پارٹیوں کے سربراہان بشمول فاروق عبداللہ، محبوبہ مفتی، سجاد لون، الطاف بخاری اور دیگر شامل ہیں۔