لیفٹیننٹ گورنر نے 36 ویں اِنٹر یونیورسٹی نارتھ زون یوتھ فیسٹول کا اِفتتاح کیا

جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج جموں یونیورسٹی میں 36 ویں اَنٹریونیورسٹی نارتھ زون یوتھ فیسٹول ’ انتر ناد‘ کا اِفتتاح کیا۔
جموں یونیورسٹی نے5 روزہ یوتھ فیسٹول کا اِنعقاد ایسوسی ایشن آف اِنڈین یونیورسٹیز نئی دہلی کے زیراہتمام کیا ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جموں و کشمیر میں مختلف یونیورسٹیوں کے شرکا کا خیرمقدم کیا اور نوجوانوں کو فن سے اِظہارِ خیال کرنے کے لئے’ اَنتر ناد‘ جیسے مزید پلیٹ فارم فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اُنہوں نے کہا ،” ثقافتی اور تخلیقی سرگرمیاں طالب علموں کو عمدگی حاصل کرنے ، صلاحیتوں کو پروان چڑھانے ، ذہنوں کو روشن کرنے اور ہماری آنے والی نسلوں کے لئے تہذیبی ورثے کو پروان چڑھانے کی ترغیب دیتی ہیں۔“
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا،” فنی مضامین سے نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں میں اِضافہ ہوتا ہے۔ طلباءکو موسیقی ، رقص ، فنون لطیفہ ، تھیٹر اور ادب اَپنے خیالات کو تیز کرنے اور تخلیقی اُفق کو وسعت دینے کی ترغیب دیتے ہیں۔“اُنہوں نے نوجوانوں کی حوصلہ اَفزائی کی کہ وہ اَپنی فنی صلاحیتوں کو نکھاریں اور دوسروں کو اَپنی تخلیقی صلاحیتوں سے متاثر کریں۔
اُنہوں نے کہا ،” فنکارانہ اِظہار فکری تحریک کا ذریعہ ہیں ۔ میں طلباءکو اَپنے آپ کو ’ تروینی‘: علم ، سائنس اور فن کا سنگم ، جستجو کے احساس کے ساتھ ایک متوازن شخصیت ، پُر سکون ، پُر امن اور متحرک کے طور پر تبدیل ہوتے دیکھنا چاہتا ہوں۔ “
لیفٹیننٹ گورنر نے نوجوان نسل کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے میں یونیورسٹیوں کے اہم کردار پر بھی روشنی ڈالی۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا،” معاشرے کی خوشحالی کا راستہ تعلیمی اِداروں سے ہو کر گزرتا ہے ۔’ انترناد ‘ کا مطلب اندر کی آواز ہے۔آرٹسٹک ڈسپلن ہمارے نوجوانوں کو اِختراع اور نئی ایجادات کے لئے نئی بصیرت فراہم کرے گا۔“
اُنہوں نے کہا کہ ہماری ثقافتی تاریخ ، طرزِ زندگی ، سماجی ترتیبات سب مربوط ہیں۔ اگر علم اور سائنس جسم ہے تو فن دماغ ہے۔اُنہوں نے مشاہدہ کیا کہ یہ دونوں کے درمیان کامل ہم آہنگی ہے جو کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد بناتی ہے۔
لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا ،” قومی تعلیمی پالیسی وزیر اعظم نریندر مودی کی رہنمائی میں پورے تعلیمی ایکو سسٹم کی نئی تعریف کی ہے۔یہ اِختراع اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیتا ہے اور طلباءکو تحقیق او رتخلیقی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی ترغیب دیتا ہے۔“
اُنہوں نے جموںوکشمیر کی یونیورسٹیوں کی فعال شرکت اور جموں وکشمیر میں ہونے والے جی20 ایونٹ کی تیاریوں میں طلباءکی شمولیت کی بھی خواہش کی۔
وائس چانسلرجموں یونیورسٹی پروفیسر امیش رائے اور جوائنٹ سیکرٹری ( اَمورِ نوجوان و کھیل کود) اے آئی یوڈاکٹر بی ایس سیکھون نے میلے کے دوران منصوبہ بند سرگرمیوں کے سلسلے کے بارے میں بتایا۔
لیفٹیننٹ گورنر سے ’ انتر ناد‘ کا ایک یاد گار بھی جاری کیا گیا۔
اِفتتاحی تقریب میں لیفٹیننٹ گورنر کے مشیر راجیو رائے بھٹناگر ، ڈی جی پی دِلباغ سنگھ، اے ڈی جی پی جموں مکیش سنگھ ، وی سی کلسٹر یونیورسٹی جموں پروفیسر بچن لال ، پرنسپل سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن آلوک کمار ، فیکلٹی ممبران اور طلباءنے کثیر تعداد میں شرکت کی۔