امرناتھ یاترا: لیفٹیننٹ گورنر نے پہلے قافلے کو جموں سے روانہ کیا

جموں// کل سے شروع ہوانے والی امرناتھ یاترا کے شردھالووں کا پہلا قافلہ آج جموں سے سرینگر کی طرف روانہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پہلے قافلے کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق 43 روزہ یاترا جمعرات 30 جون کو شروع ہوگی۔ یاترا کے پیش نظر جموں و کشمیر بھر میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے اور گاڑیوں کی چیکنگ تیز کر دی گئی ہے۔
امرناتھ یاترا کے ہموار انعقاد کے لئے کئے گئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے، جو اس سال ریکارڈ توڑ یاترا کا مشاہدہ کر سکتی ہے۔ ان یاتریوں کے لئے تمام انتظامات تقریباً مکمل کر لئے گئے ہیں۔ انہیں مفت اور صاف ستھری خوراک، صحت کی دیکھ بھال، صفائی ستھرائی، پینے کے پانی اور دیگر تمام سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ یہاں تک کہ لنگر والے بھی پہنچ چکے ہیں اور کل سے کھانا فراہم کرنا شروع کر دیں گے، جب یاتریوں کی اکثریت جموں پہنچ جائے گی۔ لیکن بنیادی توجہ سیکورٹی پر ہے کیونکہ اس بار یاتری نواس اور اس کے آس پاس سخت سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔
خصوصی کمانڈوز کو تعینات کیا گیا ہے اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے 24 گھنٹے چوکسی رکھی جارہی ہے۔وہیں دوسری جانب سرینگرجموں قومی شاہراہ کے اہم مقامات پر نیم فوجی دستوں کو تعینات کیا گیا ہے اور شہراہ پر بڑی تعداد میں نئے بنکر تعمیر کئے گئے ہیں تاکہ یاترا خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دی جائے۔ وہی لوگ بھی اس سال ہونے والی یاترا سے کافی خوش نظر آرہے ہیں۔