بس حادثے کے متاثرین، اننت ناگ میں ہلاک شہری کیلئے ایکس گریشیا کا اعلان

سری نگر// جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کو اننت ناگ میں گزشتہ رات مشتبہ جنگجووں کے ہاتھوں مارے گئے شہری کے لواحقین کے لیے 5 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔
انہوں نے آج صبح جھجر کوٹلی میں کٹرہ جانے والی بس کو حادثہ پیش آنے کے بعد ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے لیے 5 لاکھ روپے اور زخمی ہونے والوں کے لیے 50ہزار روپے کے ایکس گریشیا کا بھی اعلان کیا۔
راج بھون کی طرف سے جاری ایک بیان کے مطابق،”ایل جی نے دیپو کے قریبی رشتہ داروں کے لیے 5 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا کو منظوری دی ہے۔جو 29 مئی 2023 کو اننت ناگ میں ملی ٹینٹوں کے ہاتھوں مارا گیا تھا”۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جموں میں منگل کو ایک المناک بس حادثے میں جان کی بازی ہارنے والوں کے لواحقین کو 5 لاکھ روپے ایکس گریشیا اور شدید زخمیوں کے لیے 50ہزار روپے فی کس امدادکی منظوری دی ہے۔
انہوں نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ علاج کا خیال رکھیں اور سوگوار خاندانوں کو ہر طرح کی مدد فراہم کریں۔