شوپیاں تصادم میں لشکر طیبہ کا مقامی جنگجو مارا گیا: اے ڈی جی پی

File Photo

شوپیاں// جنوبی ضلع شوپیاں کے باس کوچھن امام صاحب علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین ہوئے  تصادم میں ایک مقامی جنگجو مارا گیا ہے۔
کشمیر زون پولیس نے اے ڈی جی پی کشمیر وجے کمار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ شوپیاں تصادم میں مارا گیا جنگجو کئی جرائم میں ملوث تھا اور حال ہی میں ایک تصادم سے فرار ہوا تھا۔
اُنہوں نے بتایا کہ مارے گئے عسکریت پسند کی شناخت باسکوچھن کے نوپورہ محلہ کے رہائشی نصیر احمد بھٹ کے بطور ہوئی ہے اور اس کا تعلق لشکر طیبہ سے تھا۔
اے ڈی جی پی کشمیر کے حوالے سے ایک ٹویٹ کر کے کشمیر زون پولیس نے بتایا،”مارے گئے کی شناخت نصیر احمد بھٹ ساکنہ نوپورہ باسکوچھن شوپیان کے طور پر کی گئی، جس کا تعلق لشکر طیبہ سے تھا۔ اس کے قبضے سے مجرمانہ مواد، اسلحہ اور ایم ایم این سمیت اے کے رائفل برآمد ہوئی ہے۔ وہ کئی عسکری جرائم میں ملوث تھا اور حال ہی میں ایک تصادم سے فرار ہوا تھا”۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ جنوبی کشمیر کے پہاڑی ضلع شوپیاں کے باس کوچھن گاوں میں ملی ٹینٹوں کے چھپے ہونے کی ایک خاص اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس اور سیکورٹی فورسز نے اتوار اعلیٰ الصبح علاقے کو اپنے محاصرے میں لے کر انہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے گھر گھر تلاشی کارروائی کا آغاز کیا۔
انہوں نے بتایا کہ خود کو سلامتی عملے کے گھیرے میں پا کر ملی ٹینٹوں نے اندھا دھند گولیاں برسا کر فرا ر ہونے کی بھر پور سعی کی تاہم حفاظتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے انہیں فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور اس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ جاری تصادم میں اب تک ایک جنگجو مارا گیا ہے۔ اُنہوں نے مزید بتایا کہ گاوں میں مزید موجود ہو سکتے ہیں۔آخری اطلاعات موصول ہونے تک علاقے میں تلاشی آپریشن جاری تھا۔