اوڑی میں آدم خورتیندوے کو محکمہ جنگلی حیات نے ہلاک کر دیا

 

فیاض بخاری

بارہمولہ// شمالی ضلع بارہمولہ کے برنیٹ اوڑی دیہات میں حال ہی ایک لڑکی سمیت تین معصوم بچوں کو چھیڑ چھاڑ کر ہلاک کرنے والے تیندوے کو محکمہ وائلڈ لائف نے بلا آخر ہلاک کردیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق مزکورہ آدم خور تیندوے نے گزشتہ ماہ جون کے مہینے میں سب ڈویژن اوڑی کے کلسان اور دیگر آس پاس کے علاقوں میں 15 سالہ عامر منیر، 12 سالہ شاہد احمد اور 12 سالہ رتبہ منظور کو ہلاک کردیا تھا۔ جس کے بعد حکام نے تیندوے کو آدم خور قرار دیتے ہوئے اسے مارنے کا حکم بھی دیا تھا۔

محکمہ وائلڈ لائف نے تیندوے کو پکڑنے یا مارنے کے لیے ٹیمیں بھی تشکیل دیں۔اس کے علاوہ ان دیہات میں متعلقہ محکمہ نے آدم خور تیندوے کو مارنے کیلئے جال بھی بچھائے تھے۔

محکمہ کے ایک اہلکار نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ بدھ کو رات دیر گئے آدم خور تیندوا ایک بار پھر نمودار ہوا جس کے بعد اگر چہ اسے زندہ پکڑنے کی کئی کوششیں کی گئیں، لیکن اس نے محکمہ ٹیم پر بھی حملہ کیا جس کے بعد تیندوے کو ہلاک کر نا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ “ہمیں یقین ہے کہ یہ وہی جنگلی تیندوا ہے جس نے حال ہی میں تین نابالغوں کو ہلاک کیا تھا۔ادھر مقامی لوگوں نے آدم خور تیندوے کو ہلاک کرنے پر محکمہ وائلڈ لائف کو سراہا۔