بڈگام تصادم میں لطیف راتھر سمیت 3 جنگجو مارے گئے:پولیس

بڈگام//جموں وکشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے وتر ہیل خانصاحب علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین جاری جھڑپ میں تین ملی ٹینٹ مارے گئے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار نے بتایا کہ وترہیل میں لشکر طیبہ (ٹی آر ایف )کے کمانڈر لطیف راتھر سمیت تین جنگجووں کو فورسز نے مار گرایا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لطیف راتھر کشمیری پنڈت راہل بھٹ اور امبرین بھٹ سمیت متعدد شہریوں کی ہلاکتوں میں براہ راست ملوث رہا ہے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ حفاظتی عملے کو یہ اطلاع موصول ہوئی کہ ملی ٹینٹ وسطی ضلع بڈگام کے وتر ہیل خانصاحب گاوں میں چھپے بیٹھے ہیں تو پولیس اور سیکورٹی فورسز نے بدھوار اعلیٰ الصبح علاقے کو محاصرے میں لے کر انہیں ڈھونڈ نکالنے کے لئے کارروائی شروع کی۔
ترجمان نے بتایا کہ فرار ہونے کے تمام راستے مسدود پا کر ملی ٹینٹوں نے حفاظتی عملے پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ سلامتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا او راس طرح سے طرفین کے مابین جھڑپ شروع ہوئی۔
موصوف ترجمان کے مطابق دن بھر جاری رہنے والی اس جھڑپ میں تین ملی ٹینٹ مارے گئے۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ علاقے میں شدید دھماکوں کی آوازوں کے بیچ ایک رہائشی مکان سے آگ کے شعلے بلند ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو پوری طرح سے سیل کرکے فرار ہونے کے سبھی راستوں پر پہرے بٹھا دئے ہیں۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار نے بتایا کہ بڈگام کے وتر ہیل علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اس علاقے کو درمیانی شب ہی اپنے محاصرے میں لے کر فرار ہونے کے راستوں پر پہرے بٹھادئے۔
انہوں نے کہاکہ جوں ہی سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے بدھ کی صبح ایک مشتبہ مکان کے نزدیک جانے کی کوشش کی تو اسی اثنا میں وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔
اُن کے مطابق سیکورٹی فورسز نے آس پاس رہائش پذیر لوگوں کو محفوظ مقامات کی اور منتقل کیا جس میں کچھ وقت لگا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ عام شہریوں کو محفوظ جگہ منتقل کرنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جوابی کارروائی شروع کی جس دوران تین ملی ٹینٹ مارے گئے اور اُن کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔
وجے کمار نے بتایا کہ لشکر کمانڈرلطیف راتھر عرف اسامہ سمیت تین ملی ٹینٹ مارے گئے۔
انہوں نے کہا کہ لشکر کمانڈر لطیف راتھر کشمیری پنڈت ملازم راہول بھٹ اور ٹی وی آرٹسٹ امبرین بھٹ کے قتل میں براہ راست ملوث رہا ہے اور اس کی تب سے تلاش جاری تھی۔
اُن کے مطابق وترہیل تصادم میں مارے گئے ملی ٹینٹ سیکورٹی فورسز کو انتہائی مطلوب تھا اوریہ سیکورٹی فورسز کے لئے بہت بڑی کامیابی ہے۔