کشمیر کا بیرونی دنیا سے زمینی و فضائی رابطہ بحال

Photo: Amaan Farooq

سری نگر//وادی کشمیر میں جمعہ کو ہوئی برفباری کی وجہ سے نظام زندگی پوری طرح سے متاثر ہو کر رہ گیا تھا، جس دوران زمینی و فضائی رابطے بھی منقطع ہو کر رہ گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق، جمعہ کی صبح ہونے والی برف باری کے باعث حدِ نگاہ کم ہونے سے سرینگر ائرپورٹ پر فلائٹ آپریشن معطل کر دیا گیا تھا، جسے آج بحال کر دیا گیا ہے۔ ائر پورٹ اتھارٹی نے بتایا کہ رن وے سے برف صاف کر دی گئی ہے اور آج سے تمام پروازیں وقت پر اڑان بھریں گی۔
ادھر سری نگر جموں شاہراہ سے برف اور ملبہ ہٹانے کے بعد آج صبح شاہراہ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ برف باری رکنے کے فوراً بعد ہی تعمیراتی کمپنیوں کے افراد اور مشینری کو کام پر لگا دیا گیا تھا، جس کے بعد سڑک سے ملبے اور برف کو ہٹادیا گیا ۔ان کا کہنا تھا کہ قومی شاہراہ کی کلیئرنس کے بعد چھوٹی گاڑیوں دونوں اطراف سے چھوڑ دیا گیا ہے۔یاد رہے کہ بانہال میں برفباری اور رام بن میں متعدد مقامات پر پتھر گرآنے کی وجہ سے جمعہ کے روز شاہراہ کو گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کر دیا گیا تھا۔
اسی دوران ریلوے حکام نے ہفتہ کی صبح بتایا کہ برف باری اور بڈگام میں پیش آئے ٹرین حادثہ کی وجہ سے جمعہ کو ریل سروسز متاثر ہوئی تاہم آج سے تمام ٹرینیں اپنے وقت پر چلیں گی۔