بانہال میں کرنٹ لگنے سے مزدور کی موت || ٹرک کی زد میں آکر ڈرائیور ازجان

محمد تسکین

بانہال //بانہال میں پیش آئے دو الگ الگ واقعات میں ایک ڈرائیور اور مزدور کی موت واقع ہو گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، رام بن کی سب ڈویژن بانہال کی تحصیل کھڑی میں بجلی کا کرنٹ لگنے کی وجہ سے ایک مزدور کی موقع پر ہی موت ہو گئی ہے۔ یہ واقعہ ہفتہ کی صبح تحصیل کھڑی کے شگن گاو¿ں میں اس وقت پیش آیا جب ایک مزدور سٹیل کی پائپ اٹھا رہا تھا، جس دوران پائپ ہائی ٹینشن بجلی لائین سے ٹکرا گئی اور وہ شدید طور پر زخمی ہو گیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ زخمی کو پولیس اور کیو آر ٹی کھڑی کے رضاکاروں کی مدد سے سب ضلع ہسپتال بانہال منتقل کیا گیا تاہم وہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
پولیس نے متوفی کی شناخت 22 سالہ فرید احمد گوجر ولد نظام الدین گوجر ساکنہ شگن تحصیل کھڑی ضلع رام بن کے طور کی ہے اور اس معاملے میں مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
اسی دوران ایک اور حادثے میں جمعہ کی دیر رات جموں سے سرینگر کی طرف جانے والے ایک ٹرک زیر نمبر JK02AL-6557 کا ڈرائیور دوسرے ٹرک کی زد میں آ گیا جس کی وجہ سے اس کی موت موقع پر ہی واقع ہوگئی۔
یہ حادثہ بانہال قاضی گنڈ فورلین ٹنل کے قریب قاضی گنڈ کی طرف پیش آیا۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ڈرائیور کی موقع پر ہی موت ہوگئی تھی۔ پولیس نے متوفی کی شناخت جسوندر سنگھ ساکنہ رنبیر سنگھ پورہ جموں کے طور پر کی ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاش کو این جی او بانہال کے رضاکاروں اور ایمبولینس کی مدد سے بانہال ہسپتال سے آر ایس پورہ میں واقع اس کے آبائی گاو¿ں روانہ کیا گیا۔