بھارت جوڑو یاترا کی سیکورٹی میں لاپرواہی پر کھڑگے کا اظہارِ تشویش؛امت شاہ کو خط لکھا

یو این آئی

نئی دہلی// کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے وزیر داخلہ امت شاہ کو خط لکھ کر جموں و کشمیر میں “بھارت جوڑو یاترا” کے لیے مناسب سیکورٹی بندوبست نہ ہونے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ اس لاپرواہی کی وجہ سے یاترا کو جمعہ کے روز روکنا پڑا چونکہ اب یاترا اپنے اختتام کے قریب ہے، اس لیے وزیرداخلہ امت شاہ کو ذاتی طور پر مداخلت کرنی چاہئے اور اختتامی تقریب کے دوران مناسب حفاظتی بندوست کو یقینی بنانا چاہئے۔
وزیر داخلہ کو لکھے خط میں کھڑگے نے کہا کہ “بھارت جوڑو یاترا” کے دوران کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی سیکورٹی میں کوتاہی کے بارے میں موصول ہونے والی اطلاعات کی بنیاد پر یاترا جمعہ کو ملتوی کر دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یاترا کوملتوی کرنے کا فیصلہ مسٹر گاندھی کے سیکورٹی حکام کے مشورے پر کیا گیا ہے۔
کانگریس لیڈر نے سیکورٹی میں لاپرواہی کو ایک سنگین صورتحال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یاترا 30 جنوری کو سری نگر میں اختتام پذیر ہونے والی ہے اور اس میں کانگریس کے سرکردہ لیڈروں کے ساتھ ساتھ کئی اہم جماعتوں کے رہنماو بھی شرکت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کے اختتام پر اہم لیڈروں کی موجودگی کے پیش نظر مسٹر شاہ کو ذاتی طور پر مداخلت کرنی چاہئے اور اختتامی تقریب کے دوران مناسب حفاظتی بندوست کو یقینی بنانا چاہئے۔