کشمیری پنڈت، کشمیری سماج کا ناقابل تنسیخ حصہ ہیں:الطاف بخاری

File Photo

جموں//جموں وکشمیر اپنی پارٹی صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ کشمیری پنڈت برادری کشمیری سماج کا لازم و ملزوم اور اٹوٹ انگ ہیں۔
پارٹی دفتر گاندھی نگر جموں میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا”کشمیری پنڈت برادری کشمیر کا لازم وملزوم اور ناقابل ِ تنسیخ حصہ ہیں اور وہ جن حالات میں وہ وادی کشمیر چھوڑنے پر مجبور ہوئے وہ اب تاریخ ہے“۔
انہوں نے اعتراف کیاکہ کشمیری پنڈتوں کی نقل مکانی ایک سانحہ تھا جس نے سماجی تانے بانے کو بکھیر کر رکھ دیا اور اِس کو بحال کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا”کشمیری پنڈت تعلیم یافتہ اور دانشور طبقہ ہے اور سماج میں ان کا ایک اہم کردار ہے۔
انہوں نے یقین دلایاکہ کشمیری پنڈتوں کے مسائل کو اجاگر کرنا اور ان کا ازالہ کرنا اپنی پارٹی کی ترجیحات میں شامل ہیں۔
اس تقریب کے آغا ز میں راہل بھٹ، رجنی بالا اور وجے کمار کی یاد میں دو منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی جنہیں حال ہی میں قتل کر دیا گیا تھا۔
بخاری نے شہری ہلاکتوں پرگہری تشویش کا اظہار کیا اور کہاکہ کشمیری مسلم اور کشمیری پنڈتوں کے درمیان کی دوری کو ختم کرنے کی ضرورت ہے اور وہ ذاتی طور دونوں طبقہ جات کے لوگوں کے درمیان ایک دوسرے کے لئے اعتماد سازی کی بحالی کے لئے مدد کریں گے۔