جموں// کشمیری مائیگرنٹ ریلیف ہولڈرز نے ہفتے کے روز یہاں ریلیف میں اضافے کے مطالبے کو لے کر احتجاج درج کیا۔
احتجاجیوں نے ہاتھوں میں بینرس اٹھا رکھے تھے اور ریلیف بڑھانے کے حق میں نعرے لگا رہے تھے۔
اس موقع پر ایک احتجاجی نے میڈیا کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ریلیف جو فی کس ایک سو آٹھ روپیے یومیہ ہے آج کے مہنگائی کے دور میں بہت کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سے وعدہ کیا گیا تھا کہ ہر تین برسوں کے بعد اس ریلیف میں تیس فیصد اضافہ کیا جائے گا لیکن گذشتہ سات برسوں سے ایک پیسہ بھی نہیں بڑھایا گیا۔
ان کا کہنا تھا: ‘جب مائیگریشن ہوئی تھی اس وقت میں تیس برس کا جوان تھا اور آج زائد از سٹھ سال کا ہوں تو میں کوئی کام بھی اب نہیں کر سکتا ہوں’۔
موصوف احتجاجی نے کہا کہ ہم بھارت ماتا بولنے والے لوگ ہیں لیکن آج سڑکوں پر آنے کے لئے مجبور ہوئے۔
انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امیت شاہ سے مداخلت کرنے کی اپیل کی۔