کشمیری صحافی ساجد رسول نئی دہلی میں ایکسچینج فار میڈیا اعزاز سے سرفراز

عظمیٰ ویب ڈیسک

نئی دہلی// ایکسچینج 4میڈیا گروپ کی جانب سے کشمیر کے نوجوان صحافی ساجد رسول کواعزازسے سرفرازکیا گیا ہے۔ انڈیا انٹرنیشنل سینٹر نئ دہلی میں منعقدہ جشن صحافت تقریب میں ملک کے مختلف ریاستوں میں اردومیڈیا کے ٹی وی چینلز، اخبارات اورڈیجیٹل پلیٹ فارم کے لئے کام کرنے والے 40 صحافیوں کواعزازسے سرفرازکیا گیا۔ ساجد رسول کو اُردو صحافت میں ان کی نمایاں خدمات اور کام کے لئے اس ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔
ساجد رسول اس وقت نیوز 18 اردو کے ساتھ کام کرتے ہیں اس سے قبل وہ مختلف اداروں جن میں دی وائر، آواز دی وائس، انڈیپینڈنٹ اُردو اور دیگر کئی مقامی اخبارات کے لئے کام کرچکے ہیں، تاہم یہ بات قابل ذکر ہے کہ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز روزنامہ کشمیر عظمیٰ سے کیا ہے۔
ایکسچینج4 میڈیا کی جانب سے پورے دن جشن صحافت کے عنوان سے مختلف موضوعات پرتبادلہ خیال کیا گیا، جس میں کئی اہم شخصیات نے مذاکرہ میں حصہ لیا۔
سیشن کا آغاز ڈاکٹر ایس وائی قریشی (سابق چیف الیکشن کمشنر، حکومت ہند) کے کلیدی خطبہ سے ہوا۔ انہوں نے اُردو زبان کی اہمیت پرتفصیلی روشنی ڈالی۔ ساتھ ہی انہوں نے ایکسچینج 4 میڈیا کی خدمات کا ذکرکرکرتے ہوئے قابل ستائش قدم قراردیا۔ انہوں نے ایکسچینج 4 میڈیا کے چیئرمین ڈاکٹر انوراگ بترا اورسینئرایڈیٹرروحیل امین کو مبارکباد دی۔
ایس وائی قریشی نے اس بات کا ذکر کیا کہ اُردوزبان کے قارئین کی تعداد کچھ کم ہوئی ہے، لیکن دوسری طرف غیرمسلم حضرات جو اُردو کی خدمت کررہے ہیں، اس سے اردو زبان کومزید فروغ مل رہا ہے۔
مہمان خصوصی کے طورپرمرکزی وزیرمملکت ایس پی سنگھ بگھیل اورسابق مرکزی وزیر اور انڈیا اسلامک کلچرل سینٹرکے نومنتخب صدرسلمان خورشید نے شرکت کی۔ ایس پی سنگھ بگھیل نے اردوزبان کوبہت شیریں اور اچھی زبان قراردیتے ہوئے کہا کہ یہ ایسی زبان ہے کہ جس کوبولنا، لکھنا اورپڑھنا بھی نہیں آتا ہے، اس ک سننے میں بھی مزہ آتا ہے۔
انہوں نے ایکسچینج فارمیڈیا کے چیئرمین ڈاکٹرانوراگ بترا اوران کی ٹیم کو جشن صحافت کے شاندارانعقاد کے لئے مبارکباد پیش کی۔