یو این آئی
جموں// جموں وکشمیر کے پولیس سربراہ دلباغ سنگھ کا کہنا ہے کہ جموں و کشمیر میں کوکرناگ انکائونٹر سے پہلے بھی حالات اچھے تھے اور اس کے بعد بھی حالات اچھے ہیں۔
انہوں نے کوکر ناگ انکائونٹر کو ایک کامیاب آپریشن قرار دیتے ہوئے کہا: ‘میں اس آپریشن کے دوران شہید ہونے والےجوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں’۔
موصوف پولیس سربراہ نے ان باتوں کا اظہار منگل کو ضلع ریاسی میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا، ‘جموں وکشمیر میں کوکر ناگ انکائونٹر سے پہلے بھی حالات اچھے تھے اور اس کے بعد بھی یہاں حالات اچھے ہیں’۔
ان کا کہنا تھا، ‘دہشت گرد جہاں بھی چھپے ہوتے ہیں چاہئے جنگل میں ہوں یا پہاڑوں پر ان کا پیچھا کرنے کی کوشش کی جاتی ہے’۔
سنگھ نے کہا کہ ‘کوکرناگ انکائونٹر میں بھی کسی خاص دہشت گرد کی کمیں گاہ کے بارے میں اطلاع تھی جس کے مطابق سیکورٹی فورسز وہاں گئے تھے’۔
انہوں نے کہا، ‘جو فائر پہلے کرتا ہے تو دوسرے کو نقصان اٹھانا پڑتا ہے اس آپریشن کے دوران بدقسمتی سے پہلے دہشت گردوں نے فائر کیا جس کی وجہ سے ہمیں اپنے بہادر افسروں اور ایک بہادر جوان کا نقصان اٹھانا پڑا’۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے صفایا کے لئے اپنی جان کو خطرے میں ڈال کر ایسی جگہ پر جانا کوئی معمولی بات نہیں ہے۔
دلباغ سنگھ نے کہا کہ یہ ایک کامیاب آپریشن تھا تاہم نقصان کے امکانات رہتے ہیں۔
انہوں کہا، ‘میں اس آپریشن میں شہید ہونے والے جوانوں کو اور اس میں حصہ لینے والے جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں’۔