پیپلز مومنٹ پی اے جی ڈی سے باہر ہوئی، کہا ‘اتحاد کا کوئی واضح روڈ میپ نہیں’ این سی اور پی ڈی پی روایتی خاندانی حکمرانی برقرار رکھنا چاہتے ہیں: صدر ڈاکٹر مصطفیٰ

سری نگر// غیر معروف سیاسی جماعت جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ نے اتوار کو پیپلز الائنس فار گپکار ڈیکلریشن (پی اے جی ڈی ) سے مستثنیٰ ہونے کا اعلان کر دیاہے۔

جے کے پی ایم کے صدر ڈاکٹر مصطفی خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جے کے پی ایم کو گپکار اتحاد کے ساتھ صرف ایک ٹول کے طور پر استعمال کیا جا رہا ہے تاہم اس اتحاد کا کوئی واضح روڈ میپ نہیں ہے۔ خان نے کہا کہ اتحاد صرف نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کا رہ گیا ہے، اور وہ جموں و کشمیر میں ان کی روایتی خاندانی حکمرانی کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

ڈاکٹر مصطفیٰ نے کہا، “ہم پی اے جی ڈی کے تقریباً ہر ایک ممبر تک پہنچے اور ایک واضح روڈ میپ کا مطالبہ کیا، جو آج تک ہمیں کبھی نہیں ملا”۔
ڈاکٹر مصطفیٰ نے مزید کہا، “یہ اتحاد ریاست کی چھینی ہوئی شناخت کی بحالی کے لیے اجتماعی طور پر لڑنے ، نوجوانوں کی امنگوں اور جموں و کشمیر کی ترقی کے لیے بنایا گیا تھا۔لیکن بدقسمتی سے پی اے جی ڈی کے پاس کوئی واضح روڈ میپ نہیں ہے۔ وہ (این سی اور پی ڈی پی) صرف یہ چاہتے ہیں کہ جموں و کشمیر میں ان کا خاندانی راج برقرار رہے”۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ دفعہ 370 اور 35-اے کی منسوخی کے خلاف سپریم کورٹ میں پی اے جی ڈی کا کوئی وکیل نہیں ہے۔ خان نے کہا، “ہم نہیں چاہتے کہ پیپلز موومنٹ مستقبل میں جموں وکشمیر کے لوگوں کے خلاف کسی سیاسی سازش کا حصہ بنے، اسی لیے پیپلز مومنٹ نے پی اے جی ڈی کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے”۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ایسی مثالیں موجود ہیں جب دونوں پارٹیوں (پی ڈی پی اور این سی) نے پہلے بی جے پی کے خلاف الیکشن لڑا اور بعد میں اقتدار میں رہتے ہوئے ان کے ساتھ اتحادی رہے۔ یہ صرف یہ ظاہر کرتا ہے کہ انہوں نے ماضی میں کوئی واضح موقف برقرار نہیں رکھا ہے اور یہ اب بھی واضح ہے۔
مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں پوچھے جانے پر ڈاکٹر مصطفیٰ نے کہا کہ پارٹی کی آئندہ حکمت عملی کا اعلان کسی بھی مناسب وقت پر کیا جائے گا۔
خاص طور پر، پی اے جی ڈی، کشمیر میں مختلف سیاسی جماعتوں کا ایک گروپ 05 اگست 2019 کے بعد آرٹیکل 370 کو منسوخ کرنے کے مرکز کے فیصلے کی مخالفت کرنے کے لیے تشکیل دیا گیا تھا۔