- یو این آئی
سرینگر// جموں وکشمیر اور لداخ ہائی کورٹ نے پیر کے روز ڈپٹی کمشنر گاندربل شیامبیر سنگھ کو چیف مجسٹریٹ گاندربل کی طرف سے دائر توہین ریفرینس کا جواب دینے کے لیے سات دنوں کا وقت دیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر گاندربل پیر کے روز جسٹس اتل سری دھارن اور جسٹس سنجیو کمار پر مشتمل ڈویژن بینچ کے سامنے حاضر ہوئے۔
بتادیں کہ ہائی کورٹ نے جمعہ کے روز موصوف ڈپٹی کمشنر کو از خود حاضر ہونے کا حکم دیا تھا۔
اطلاعات کے مطابق توہین عدالت کیس کے سلسلے میں ضلعی ترقیاتی کمشنر گاندربل شیامبیر سنگھ پیر کے روز جموں وکشمیر ہائی کورٹ میں ذاتی طورپر پیش ہوئے ۔
ڈپٹی کمشنر شیامبر کورٹ کے سامنے از خود حاضر ہوئے ہیں اور کورٹ نے ان کو چیف جوڈیشنل مجسٹریٹ گاندربل کی طرف سے دائر ریفرنس اور ان کے خلاف عاید الزام کے بارے میں مطلع کیا جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ توہین عدالت جان بوجھ کر نہیں کیا گیا۔
عدالت نے ڈپٹی کمشنر کو جواب داخل کرنے کے لیے سات دن کا وقت دے دیا۔
ڈویژن بینچ نے کہاکہ ضلعی عدالت گاندربل کے ماہر جج کی طرف سے دائر کئے گئے ریفرنس کو آج ہی ڈپٹی کمشنر نچلی عدالت میں جمع کرئے تاکہ انہیں ایک اور موقع دیا جا سکے کہ وہ اپنے اوپر لگائے گئے الزامات پر جواب داخل کر سکیں ۔
انہوں نے کہاکہ توقع ہے کہ ڈپٹی کمشنر گاندربل اگلی سماعت کی تاریخ تک یا اس سے پہلے اپنا جواب داخل کرئے گا۔
ہائی کورٹ نے کیس کی اگلی شنوائی 12اگست کو مقرر کی ہے۔
واضح رہے کہ چیف جوڈیشل مجسٹریٹ گاندربل نے 23جولائی کو ایک آرڈر میں مدھیہ پردیش سے جموں وکشمیر میں ڈیپوٹیشن پر آئے ہوئے آئی اے ایس آفیسر پر من گھڑت اور ذاتی حملہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔
چیف جوڈیشل مجسٹریٹ نے ضلعی ترقیاتی کمشنر گاندربل کو حکم عدولی کی پادائش میں تنخواہ روکنے کی ہدایت دی تھی۔