جموں میں ملی ٹینٹ حملوں کے درمیان 19 انسداد ملی ٹینسی یونٹ قائم

File Image

عظمیٰ ویب ڈیسک

جموں// جموں و کشمیر پولیس نے جموں صوبے کے آٹھ اضلاع میں 19 خصوصی انسداد ملی ٹینسی یونٹس قائم کیے ہیں۔
حکام کے مطابق یہ اقدام جموں کے پرسکون علاقوں میں بڑھتے ملی ٹینٹ حملوں کے درمیان ہوا ہے۔ اُنہوں نے بتایا، “ان یونٹوں میں سے ہر ایک کی سربراہی ایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کرے گا اور وہ مستقل طور پر نامزد اضلاع میں تعینات ہوں گے”۔
انہوں نے کہا، “یہ یونٹ انسداد ملی ٹینسی کی کارروائیوں کے لیے ذمہ دار ہوں گے اور ساتھ ہی ساتھ معمول کے قانون کو بھی سنبھالیں گے”۔
ان خصوصی یونٹوں کے لیے جن اضلاع کی نشاندہی کی گئی ہے وہ ادھم پور، کٹھوعہ، ریاسی، ڈوڈہ، کشتواڑ، رام بن، راجوری اور پونچھ ہیں۔ ان اضلاع کے اندر مخصوص تھانے اور چوکیاں موثر کوریج کے لیے ہر یونٹ کو تفویض کی گئی ہیں۔ ان یونٹس کا فوکس خاص طور پر پیر پنجال کے علاقے اور وادی چناب پر ہوگا۔
حکام نے کہا کہ ان اندرونی علاقوں میں حالیہ مہینوں میں ملی ٹینسی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ پولیس کی یہ یونٹس اس کام کو حاصل کرنے کے لیے دیگر سیکیورٹی ایجنسیوں کے ساتھ تال میل کریں گی۔
عہدیداروں نے کہا کہ جموں اور کشمیر پولیس کو یقین ہے کہ جدید ترین وسائل اور تربیت سے لیس یہ یونٹس ان خطوں میں عسکریت پسندانہ سرگرمیوں میں نمایاں کمی لائیں گے۔