کشمیر میں جنم اشٹمی کا تہوار تزک و احتشام سے منایا گیا

سرینگر کے لال چوک میں منعقد جنم اشٹمی کی ایک تقریب Photo: Amaan Farooq

یو این آئی

سری نگر//وادی کشمیر میں بھی پنڈت برادری سے وابستہ لوگوں نے جنم اشٹمی کا تہوار مذہبی جوش و جذبے اور تزک و احتشام سے منایا۔
اس سلسلے میں یہاں ٹنکی پورہ میں واقع کتھلیشور مندر سے مذہبی نعروں کی گونج میں شوبا یاترا نکالی گئی جو سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ حبہ کدل، گنپتھ یار، بربرشاہ، ریگل چوک، ہری سنگھ ہائی سٹریٹ، جہانگیر چوک اور لالچوک سے گذری۔
یاترا میں روایتی لباس میں ملبوس بچوں سمیت عقیدت مندوں کی ایک اچھی تعداد نے شرکت کی۔
ہندو ویلفئر سوسائٹی کشمیر کے صدر چونی لال نے اس مقدس موقعے پر ملک و جموں وکشمیر میں امن و ترقی کے لئے دعا کی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر میں مذہبی رواداری اور بھائی چارے کی روایت تا ابد قائم و دائم رہنی چاہئے۔
دریں اثنا جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جنم اشٹمی کے تہوار کے موقعے پر لوگوں کو مباک باد پیش کی ہے۔
انہوں نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا: ’شری کرشنا جنم اشٹمی کے مقدس موقعے پر لوگوں کو مبارک باد اور نیک خوہشات کا اظہار کرتا ہوں دعا گو ہوں کہ یہ تہوار تمام لوگوں کے لئے خوشی و مسرت کا سامان لے کر آئے‘۔