جموں بس سٹینڈ کو سیکورٹی فورسز نے محاصرے میں لیا، تلاشی آپریشن شروع

یو این آئی

جموں//جموں وکشمیر کی سرمائی راجدھانی جموں بس اسٹینڈ کو سیکورٹی فورسز نے محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
بتادیں کہ اُدھم پور بس اسٹینڈ میں ہوئے دھماکے کے بعد جموں کے سبھی بس اسٹینڈوں میں سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔
یو این آئی اردو کے نامہ نگار نے بتایا کہ جمعرات کے روز سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد جموں بس اسٹینڈ کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈرون کیمروں اور کھوجی کتوں کی مدد سے بس اسٹینڈ میں موجود سبھی گاڑیوں اور دکانوں کی تلاشی لی گئی۔
اُن کے مطابق ادھم پور میں ہوئے بم دھماکوں کے بعد جموں صوبے میں سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے جبکہ مشکوک افراد پر سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نظر گزر رکھی جارہی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر پہرے بٹھا دئے گئے ہیں جہاں پر ہر آنے جانے والے کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہے۔
پولیس کے ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ ادھم پوردھماکوں کے بعد جموں صوبے میں ہائی الرٹ جاری کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ صوبہ بھر میں ناکوں کا جال بچھایا گیا ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔