عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/وں وکشمیر اردو کونسل کے یوم تاسیس کے سلسلے میں ہفتے کے روز یہاں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مقررین نے اردو زبان و ادب کی ترقی و ترویج پر زور دیا۔
اطلاعات کے مطابق سری نگر میں ہفتے کے روز جموں وکشمیر اردو کونسل کی سالانہ تقریب منعقد ہوئی جس میں نامور ادیبوں ، شعراء حضرت اور سماج کے مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران اردو کونسل کا سالانہ رپورٹ پیش کیا گیا جبکہ مختلف شعبوں میں غیر معمولی کارکردگی دکھانے والوں کو اعزازات سے بھی نوازا گیا۔اس موقع پر اردو کونسل کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ جموں وکشمیر اردو کونسل کے یوم تاسیس کے سلسلے میں ایک تقریب کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔انہوں نے کہاکہ تقریب کے دوران کونسل کی ایک سال کی کارکردگی کے بارے میں بھی جانکاری فراہم کی گئی ۔انہوں نے مزید بتایا کہ اردو زبان و ادب کی ترقی و ترویج کے لئے یونیورسٹیوں اور کالجوں کو بھی اپنا کلیدی کردار ادا کرنا چاہئے۔
ان کے مطابق ہمیں اپنے بچوں کو بچن سے ہی کشمیری کے ساتھ ساتھ اردو زبان کی طرف بھی توجہ مبذول کرانی چاہئے ۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر اردو کونسل کسی زبان کی مخالف نہیں تاہم مادری زبان کے ساتھ ساتھ اردو زبان کی ترویج کی خاطرسب کو آگے آنا چاہئے۔تقریب کے اختتام پر روز نامہ تعمیل ارشاد کے مدیر اعلیٰ آکاش امین ودیگران کو ایوارڈ سے نوازا گیا۔