جموں وکشمیر:ایک ہفتے میں 6سیکورٹی اہلکار،2عام شہریوں سمیت 13ہلاکتیں ،7دیگر زخمی

شوپیاں میں ٹارگٹ کلنگ کے بعد حملہ آوروں کو پکڑنے کیلئے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کا گھیرائو: فوٹو: امان فاروق

یو این آئی

سری نگر//جموں وکشمیر میں پچھلے ایک ہفتے کے دوران ملی ٹینسی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے کو ملا ہے اور پچھلے چھ دنوں سے لگاتار حملے جاری ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران جموں وکشمیر میں چھ سیکورٹی فورسز کے اہلکار، دو عام شہری، پانچ جنگجووں سمیت 13ہلاک جبکہ اس دوران سات شدید طورپر زخمی ہوئے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سولہ اگست کے روز چھوٹی پورہ شوپیاں میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے دو کشمیری پنڈتوں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک کی برسر موقع ہی مو ت واقع ہوئی جبکہ دوسرا شدید طورپر زخمی ہوا۔
پندرہ اگست کی شام کو وسطی کشمیر کے سری نگر اور بڈگام اضلاع میں آدھے گھنٹے کے اندر دو الگ الگ گرینیڈ حملوں میں ایک پولیس اہلکار اور ایک عام شہری زخمی ہوئے۔
اتواریعنی 14اگست کی شام کو ہی سری نگر کے راجوری کدل علاقے میں سیکورٹی فورسز اور جنگجووں کے مابین ایک مختصر تصادم میں پولیس اہلکار مارا گیا۔
تیرہ اگست کی سہ پہر کو مشتبہ جنگجووں نے عالی مسجد عید گاہ کے نزدیک سی آر پی ایف بینکر پر گرینیڈ حملہ کیا جس وجہ سے ایک سی آر پی ایف اہلکار زخمی ہوا۔
تیرہ اگست کی شام کو ملی ٹینٹوں نے کیموہ کولگام میں گرینیڈ پھینکا جو زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس وجہ سے ایک پولیس اہلکار کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔
گیارہ اور بارہ اگست کی درمیانی شب کو سادا نارہ حاجن بانڈی پورہ میں ملی ٹینٹوں نے ایک غیر مقامی مزدور کو گولیوں سے بوندھ کر رکھ دیا جس وجہ سے ہسپتال میں اُس کی موت واقع ہوئی۔
بارہ اگست کو بجبہاڑہ میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے ایس پی او پر نزدیک سے گولیاں چلائیں جس وجہ سے وہ شدید طورپر زخمی ہوا ۔
گیارہ اگست کو راجوری کے درہال علاقے میں فوجی کیمپ پرہوئے فدائین حملے میں چار فوجی اہلکار اور دو جنگجو از جان ہوئے تھے ۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ پچھلے ایک ہفتے کے دوران جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ شہر سمیت جنوبی کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا از سر نو جائزہ لیا جارہا ہے۔
اُن کے مطابق پچھلے 48 گھنٹوں کے دوران سری نگر میں ملی ٹینٹوں کی جانب سے سیکورٹی فورسز پر دو حملے کئے گئے جس میں ایک اہلکار کی موت واقع ہوئی جبکہ دوسرا شدید طورپر زخمی ہوا۔
انہوں نے مزید کہاکہ ملی ٹینٹوں کے عزائم کو ناکام بنانے کی خاطر شہر بھر میں سیکورٹی کو الرٹ پر رہنے کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔