کٹھوعہ میں جیش جنگجو گرفتار، آئی ای ڈی برآمد:پولیس

File Photo

جموں// جموں صوبہ کے کٹھوعہ ضلع میں سیکورٹی فورسز نے ایک آئی ای ڈی کے ساتھ ایک سرگرم جنگجو کو حراست میں لینے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایس ایس پی کٹھوعہ رمیش کوتوال نے بتایا کہ علاقے میں جنگجووں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد سیکورٹی فورسز نے اتوار کے روز کٹھوعہ ضلع میں مختلف مقامات پر ناکے لگائے۔
انہوں نے کہا کہ سرحدی چیکنگ کے دوران سیکورٹی فورسز نے ایک شخص کو حراست میں لیا اور اس کے قبضے سے چسپاں بم اور 20 ہزار روپے نقد برآمد ہوئے۔
ایس ایس پی نے گرفتار جنگجو کی شناخت ذاکر حسین بٹ عرف عمر فاروق ساکنہ ملاڈ بلاور کے طور ہوئی ہے۔
ان کے مطابق، گرفتار جنگجو نے سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان میں جیش کے جنگجووں سے رابطہ قائم کیا، جس کے بعد اسے چسپاں بم اور بیس ہزار روپے فراہم کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ جنگجو جموں میں حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔
ایس ایس پی نے بتایا کہ گرفتار جنگجو چودہ سال کی سزا کے بعد 2019 میں جیل سے رہا ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ جنگجو جیش سے وابستہ ہے اور جموں و کشمیر میں امن و امان کو خراب کرنے کی سازشوں میں مصروف تھا۔
اس سلسلے میں پولیس تھانہ کٹھوعہ میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت ایک مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔