کشمیر میں آئی پی ایل میچوں کا انعقاد ناگزیر: عمر عبداللہ

سرینگر// جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر عمر عبداللہ نے کہاکہ مرکزی زیر انتظام علاقے میں مزید انٹرنیشنل ٹورنمنٹ کرانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم بی سی سی آئی سے اپیل کریں گے کہ یہاں پر آئی پی ایل میچوں کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے بخشی اسٹیڈیم میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ سری نگر میں انٹرنیشنل کرکٹ ٹورنمنٹ کا منعقد ہونا خوش آئند اقدام ہے اور شائقین کرکٹ کی ایک بڑی تعداد ان میچوں سے لطف اندوز ہورہی ہے۔
عمر عبداللہ نے کہاکہ جمعے کے روز بخشی اسٹیڈیم شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا ۔
سری نگر میں آئی پی ایل میچ کرانے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں عمر عبداللہ نے کہاکہ یہاں پر انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کی اشد ضرورت ہے ۔
ان کے مطابق جموں وکشمیر میں آئی پی ایل میچوں کے انعقاد سے پہلے عالمی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم بنانے کی ضرورت ہے تاکہ کھلاڑی یہاں پر آکر بہتر ماحول میں کرکٹ کھیل سکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم بی سی سی آئی سے اپیل کریںگے کہ یہاں پر آئی پی ایل میچ بھی کھیلے جائیں۔