یو این آئی
سرینگر// انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج ودھی کمار بردی نے پیر کے روز پولیس کنٹرول روم سری نگر میں کشمیر صوبے کی سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹںگ کے دوران جائزہ لیا۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ آئی جی کشمیر نے پیر کے روز کشمیر صوبے کی سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔
انہوں نے بتایا کہ ایس ایس پی گاندربل نے میلہ کھیر بوانی اور سالانہ امر ناتھ یاترا کی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
موصوف ترجمان کے مطابق آئی جی کشمیر نے میلہ کھیر بوانی، سالانہ امر ناتھ یاترا اور عید الالضحیٰ کے دوران سیکورٹی انتظامات کے بارے میں سینئر آفیسران کے ساتھ تبادلہ خیال کیا۔
میٹنگ کے دوران آئی جی پی نے افسران کو ہدایت دی کہ وہ ڈرون اور سی سی ٹی وی کا استعمال کرتے ہوئے سماج دشمن / ملک دشمن عناصر پر کڑی نگرانی رکھیں اور چوبیس گھنٹے ناکہ پوائنٹس پر سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے انٹیلی جنس گرڈ کو مزید مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ تمام اضلاع میں کارڈن اینڈ سرچ آپریشن کی کارروائیوں میں شدت لانے کی اہمیت پر زور دیا۔
ذرائع کے مطابق آئی جی کشمیر نے آفیسران پر زور دیا کہ کسی بھی ممکنہ دہشت گردی سرگرمیوں کو ناکام بنانے کے لئے سیکورٹی گرڈ اور ہیومن انٹیلی جنس کو مزید مضبوط و مستحکم بنایا جائے۔ انہوں نے حساس علاقوں میں نگرانی کے عمل کو تیز تر کرنے کی بھی ہدایت دی۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج نے ملک مخالف عناصر اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لانے کے احکامات صادر کئے۔
آئی جی پی نے میٹنگ کے دوران معیاری آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) پر سختی سے عمل کرنے پر زور دیا اور افسران کو حکم دیا کہ وہ تکنیکی معلومات کے ساتھ ساتھ ہیومن انٹیلی جنس اکٹھا کرنے پر توجہ مرکوز کریں۔