انڈین نیوی مانسبل جھیل میں ٹریننگ شروع کر رہی ہے:این سی سی برگیڈئیر

سری نگر// انڈین نیوی نے وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل میں واقع جھیل مانسبل میں 33 برسوں کے طویل عرصے کے بعد این سی سی کیڈٹس کو تربیت فراہم کرنے کا سلسلہ بحال کیا ہے۔
سری نگر کے این سی سی گروپ کمانڈر برگیڈئر کے ایس کلسی نے بدھ کے روز یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا کہ جھیل مانسبل میں منعقد ہونے والے کیمپ میں جموں وکشمیر کے مختلف کالجوں سے قریب ایک سو کیڈٹس جن میں طالبات بھی شامل ہیں، حصہ لیں گی۔
قابل ذکر ہے کہ اس علاقے میں نوے کی دہائی میں این سی سی کیڈٹس کو تربیت فراہم کرنے کا سلسلہ بند ہوا تھا۔
موصوف برگیڈئر نے کہا کہ کیمپ میں حصہ لینے والے کیڈٹس اس علاقے میں تربیت حاصل کرنے پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شرکار کیڈٹس وہاں ان کے قیام و طعام کے لئے کئے جانے والے انتظامات پر مطمئن ہیں۔
ان کا کہنا تھا: ’یہ ایک تاریخی دن ہے کیونکہ اس جگہ 33 برسوں کے طویل عرصے کے بعد این سی سی کیڈٹس کی تربیت بحال ہو رہی ہے‘۔
برگیڈئر کلسی نے کہا کہ این سی سی کیڈٹس کی تربیت قوم کی تعمیر کا ایک اہم حصہ ہے۔
انہوں نے کہا: ’ہم کیڈٹس کو مسلح فوج میں داخل ہونے کے لئے بھی تربیت فراہم کرتے ہیں لیکن ہمارا بنیادی مقصد ان کو ایک ذمہ دار شہری بنانا ہوتا ہے‘۔
ان کا کہنا تھا: ’مانسبل جھیل میں ملی ٹنسی شروع ہونے کے بعد ٹریننگ معطل کی گئی تھی لیکن اب چونکہ حکومت اور سیکورٹی فورسوز کی کاوشوں سے صورتحال بہتر ہوئی ہے لہذا ہم نے بھی یہاں ٹریننگ بحال کرنے کا فیصلہ لیا‘۔
موصوف برگیڈئر نے کہا کہ ان 33 برسوں کے دوران نگروٹہ اور منسار جھیل میں ٹریننگ دی جاتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر سے آنے والے کیڈٹس کو مشکلات سے دو چار ہونا پڑتا تھا۔