کشمیر میں سخت سیکورٹی بندوبست کے بیچ یوم آزادی کی تقریبات کا انعقاد

Photo: Amaan Farooq

سری نگر//وادی کشمیر میں پیر کے روز ملک کی 75 ویں یوم آزادی کی تقریبات سخت سیکورٹی بندوبست اور برستی بارش کے بیچ منائی گئیں۔
وادی میں سب سے بڑی تقریب گرمائی دارلحکومت سری نگر میں واقع شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی جہاں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پرچم کشائی کی۔
یوم آزادی کی تقریبات کے احسن انعقاد اور جنگجوؤں کی طرف سے ممکنہ حملوں کے منصوبوں کو ناکام بنانے کے لئے پیر کو وادی بھر میں سیکورٹی فورسز ہائی الرٹ پر تھے۔
سری نگر میں یوم آزادی کی تقریب کو پرامن طریقے سے انجام دینے کے لئے حساس علاقوں میں فقیدالمثال سیکورٹی بندوبست کیا گیا تھا۔
سری نگر میں حساس مقامات پر ناکے بٹھائے گئے تھے جو آنے جانے والے مشکوک افراد کی تلاشی اور ضروری پوچھ گچھ کرتے تھے۔
اسٹیڈیم کی طرف آنے والی سڑکوں کو سیل کر دیا گیا تھا اور سری نگر کے حساس علاقوں میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور جگہ جگہ پر ناکے بٹھائے گئے تھے جن پر تعینات سیکورٹی اہلکار ہر آنے جانے والوں کی تلاشی اور ضروری پوچھ گچھ کرتے تھے۔
سیول لائنز علاقوں میں سیکورٹی فورسز کے سینئر افسروں کو بھی گشت کرتے ہوئے دیکھا گیا اور بھاری تعداد میں سیکورٹی فورسز اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔
یو این آئی اردو کے ایک نامہ نگار جنہوں نے پیر کی صبح سری نگر کے کچھ علاقوں کا دورہ کرنے کے بعد کہا کہ بعض مقامات پر شناختی کارڈ دکھانے کے بعد ہی لوگوں کو آگے بڑھنے کی اجازت دی جاتی تھی۔
وادی کے دیگر ضلع صدر مقامات میں بھی یوم آزادی کی تقاریب کے احسن انعقاد کے لئے سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے اور صدر مقامات میں داخل ہونے والے پوائنٹس پر ناکے لگائے گئے تھے۔
علاوہ ازیں وادی کے جملہ تعلیمی اداروں میں بھی یوم آزادی کے موقعے پر پرچم کشائی کی گئی۔
تاہم امسال بھی یوم آزادی کے موقع پر سری نگر اور دیگر ضلع صدر مقامات میں بازار بند رہے جبکہ سڑکوں پر نجی گاڑیوں کی جزوی نقل وحمل جاری رہی۔