امر ناتھ یاترا: آئی جی کشمیر نے چندن واری میں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

یو این آئی

سرینگر// انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج ودھی کمار بردی نے نویوگ ٹنل سے لے کر چندن واری پہلگام تک سیکورٹی انتظامات کا بچشم جائزہ لیا ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ سالانہ امر ناتھ یاترا کو خوش اسلوبی کے ساتھ پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر آئی جی کشمیر وی کے بردی نے سیکورٹی انتظامات کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔
انہوں نے کہاکہ دورے کے دوران آئی جی کشمیر نے پولیس کے سینئر آفیسران کے ساتھ میٹنگ کی جس دوران انہیں پاور پوائنٹ پرزنٹیشن کے ذریعے سیکورٹی انتظامات کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی۔
آئی جی نے چندن واری پہلگام تک سیکورٹی فورسز کی تعیناتی کا بچشم جائزہ لیا اور مختلف سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل کو بنائے رکھنے پر بھی زور دیا۔
دورے کے دوران آئی جی نے دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کی خاطر سیکورٹی فورسز کی تیاریوں کے حوالے سے بھی آگاہی حاصل کی۔
آئی جی پی نے ڈرون مینجمنٹ سینٹر کے کام کاج کا بھی جائزہ لیا اور بعد میں تمام آفیسران نے کئی ناکہ پوانٹس کا دورہ کیا اور وہاں پر تعینات جوانوں سے بات چیت کی۔
آئی جی کشمیر نے امر ناتھ یاترا کے لئے کئے گئے سیکورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے اور خطے میں امن کو برقرار رکھنے کی خاطر جموں وکشمیر پولیس ، سی آر پی ایف سمیت دوسری سیکورٹی ایجنسیاں اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ پوترا گھپا کے درشن کرنے والے یاتریوں کی حفاظت ہمیشہ سے ہی غیر معمولی اہمیت کی حامل رہی ہے لہذا اس کی طرف بھی دھیان دینے کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے سی سی ٹی وی ، ڈرون اور دیگر ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ دہشت گردوں کے عزائم کو ناکام بنانے کی خاطر سیکورٹی گرڈکو مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔