دو دن بعد وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دوں گا: کیجریوال

نئی دہلی/دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ وہ دو دنوں بعد وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔ کیجریوال نے آج یہاں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا، آج میں آپ کے درمیان آیا ہوں، عوام کی عدالت میں آیا ہوں، آپ سے یہ پوچھنے آیا ہوں کہ آپ کیجریوال کو ایماندار سمجھتے ہیں گنہگار؟ میں دہلی اور ملک کے لوگوں سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ کیجریوال ایماندار ہیں یا گنہگار؟ میں دو دن بعد وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دینے جا رہا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں اس وقت تک وزیر اعلیٰ کی کرسی پر نہیں بیٹھوں گا جب تک عوام فیصلہ نہیں دیتے۔ میں عوام کے درمیان جاؤں گا، ہر گلی جاؤں گا، گھر گھر جاؤں گا، جب تک عوام اپنا فیصلہ نہ سنادیں کہ کیجریوال ایماندار ہے، میں وزیر اعلیٰ کی کرسی پر نہیں بیٹھوں گا۔
انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو یہ محسوس ہورہا تھا انہیں جیل بھیج کر ہماری پارٹی توڑ دیں گے۔ ہمارے ایم ایل اے کو توڑ کر وہ دہلی اور پنجاب میں حکومتیں گرادیں گے۔ عام آدمی پارٹی ان کی سازشوں کے خلاف لڑ رہی ہے۔ ان کا خیال تھا کہ وہ میرا حوصلہ توڑ دیں گے لیکن انہوں نے میرا حوصلہ مزید بڑھا دیا ہے۔