بانڈی پورہ میں لشکر طیبہ کا ہائبرڈ جنگجو گرفتار:پولیس

File Photo

سری نگر// پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے پپچن علاقے کے نزدیک لشکر طیبہ سے وابستہ ایک ہائی برڈ جنگجو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ایک اطلاع موصول ہونے پر بانڈی پورہ پولیس نے فوج کی14 آر آر اور سی آر پی ایف کی 3 بٹالین کے ہمراہ بدھ کو پپچن علاقے کے نزدیک ایک ناکہ چیکنگ کے دوران لشکر طیبہ کے ایک ہائی برڈ جنگجو کو گرفتار کیا۔

انہوں نے گرفتار شدہ جنگجو کی شناخت محبوب الاسلام عرف فرحان ولد انعام الحق شاہ ساکن نادی ہال بانڈی پورہ کے بطور کی۔

بیان میں کہا گیا کہ تلاشی کے دوران گرفتار شدہ جنگجو کی تحویل سے ایک چینی ساخت کا گرینیڈ جس کو اس نے اسکوٹی کی سیٹ کے نیچے چھپایا تھا، بر آمد کیا گیا

موصوف ترجمان نے کہا کہ تفتیش کے دوران گرفتار شدہ جنگجو نے انکشاف کیا کہ وہ لشکر طیبہ کے ساتھ وابستہ ہے اور اسی جنگجو تنظیم کی ہدایت پر نادی ہال مارکیٹ میں واقع اپنے دکان میں ایک کیمن گاہ بنایا ہے۔

انہوں نے کہا: ’گرفتار شدہ جنگجو نے انکشاف کیا کہ لشکر کے مہلوک جنگجو حیدر عرف ابو موسیٰ، ابو اسمٰعیل عرف فیصل، ابو حمزہ عرف اوکاشا، گلزار عرف فیضان اسی کمین گاہ میں پناہ لیتے تھے‘۔

بیان میں کہا گیا: ‘گرفتار شدہ جنگجو نے یہ بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے اس کمین گاہ میں اسلحہ و گولہ بارود اور آئی ای ڈی بھی رکھے تھے جس کے لئے وہ بانڈی پورہ ضلع کے نوجوانوں کو بھرتی کرنے کا منصوبہ بنا رہے تھے تاکہ لشکر کو مزید مستحکم بنایا جاسکے۔

بیان کے مطابق بعد ازاں اس کمین گاہ سے 3 اے کے 47 رائفلیں، ان کے دس میگزین، 38 گولیاں، 3 پوچ، 2 وائی ایس ایم ایس سیٹ،2 ڈیٹو نیٹر وغیرہ بر آمد کئے گئے۔