اننت ناگ میں ملی ٹینسی کی سرگرمیوں کیلئے استعمال مکان قرق

File Photo

سری نگر// ملی ٹینٹوں کو پناہ دینے کے خلاف اپنا کریک ڈاو¿ن جاری رکھتے ہوئے، جموں و کشمیر پولیس کے سپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) نے جمعرات کو اننت ناگ ضلع کے دانوتھ پورہ کوکرناگ علاقے میں ایک مبینہ جنگجو معاون کار کے ایک زیر تعمیر رہائشی مکان کو ضبط کیا ہے۔
ایس آئی یو نے ایک بیان میں دعویٰ کیا کہ یہ گھر عسکری سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا گیاتھا اور مجاز اتھارٹی سے ضروری اجازت حاصل کرنے کے بعد اسے قرق کیا گیا۔
اُنہوں نے بتایا ، “یو اے (پی) ایکٹ کے تحت پولیس تھانہ کوکرناگ میں درج ایک ایف آئی آر زیر نمبر 103/2022 کی تحقیقات کے دوران، ملی ٹینٹوں کے معاون کار محمد اسحاق ملک ولد محمد سیف اللہ ملک ساکن دانوتھ پورہ کوکرناگ کا ایک زیر تعمیر رہائشی مکان کالعدم عسکری تنظیم حزب المجاہدین کے جنگجووں کے ذریعہ استعمال کیا گیا”۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ ایس آئی یو نے ملی ٹینسی کے دائرہ کار میں آنے والے مذکورہ ملزم کی جائیداد کو ضبط کرنے کی کارروائی صوبائی کمشنر کشمیر سے اجازت طلب کرنے کے بعد یو اے(پی) ایکٹ کے سیکشن 25 کے تحت کی گئی۔
ایس آئی یو نے عام لوگوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے گھروں میں ملی ٹینٹوں/جنگجو معاونین کو پناہ دینے یا رسد فراہم کرنے سے گریز کریں، ایسا نہ کرنے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔