کشتواڑ// کشتواڑ پولیس نے ایس او جی کے ہمراہ ہفتہ کو حزب المجاہدین (ایچ ایم) کے سرگرم جنگجو کے گھر کی تلاشی لی۔
ایس ایس پی کشتواڑ خلیل احمد پوسوال نے کہا کہ پولیس تھانہ دچھن میں یو اے پی اے اور آمز ایکٹ کے تحت درج مقدمے کے سلسلے میں این آئی اے عدالت جموں سے ہاﺅس سرچ وارنٹ حاصل کرنے کے بعد یہ کاروائی کی گئی۔
اُنہوں نے بتایا کہ یہ تلاشی کالعدم عسکری تنظیم حزب المجاہدین کے سرگرم ملی ٹینٹ مدثر احمد ولد طارق حسین گائنو سکنہ تندر دچھن کے رہائشی مکان میں لی گئی۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ تلاشی کے دوران ضبط کیے گئے شواہد کی چھان بین کی جائے گی تاکہ ملزمین کو ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہونے اور ملی ٹینسی کو دوام بخشنے کے لیے عدالتی فیصلہ کے تابع کیا جا سکے۔
ایس ایس پی کشتواڑ نے انکشاف کیا کہ ملی ٹینٹوں کے تمام حامیوں/ساتھیوں، جو تحقیقات کے دوران ملوث پائے جائیں گے، کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے گی۔
ایس ایس پی کشتواڑ پوسوال نے عام لوگوں سے اپیل کی کہ اگر کسی کے پاس بھی ملک دشمن سرگرمی سے متعلق کوئی اطلاع ہے تو وہ اپنے متعلقہ پولیس تھانہ سے رابطہ کرے یا پولیس ہیلپ لائن نمبرات 9905154100 اور 97972 86841 پر رابطہ کرے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ اطلاع دینے والے شخص کو مناسب انعام دیا جائے گا اور اس کی شناخت کو انتہائی خفیہ رکھا جائے گا۔