وزیر داخلہ امیت شاہ جموں پہنچے، ائر پورٹ پر شاندار استقبال

جموں//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ پیر کی شام کو دورے پرجموں پہنچے جہاں ائر پورٹ پر لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا ،بھاجپا صدر رویندر رینہ ، کویندر گھپتا اور دوسرے سینئر لیڈران نے ان کا استقبال کیا۔
وزیر داخلہ کے جموں دورے کے پیش نظر پورے صوبے میں سیکورٹی کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ امیت شاہ پیر کی شام کو جموں کے ہوا ئی اڈے پر پہنچے جہاں جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے علاوہ سیول و سیکورٹی عہدیداروں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ ہوائی اڈے سے سیدھے راج بھون جموں کی طرف روانہ ہوئے جہاں پر وہ سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سی آر پی ایف ، بی ایس ایف ، آرمی اور سراغ رساں ایجنسیوں کے سینئر آفیسران ایک روز قبل ہی جموں وارد ہوئے ہیں۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ مرکزی وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر جموں و کشمیر بالخصوص جموں صوبے میں سیکورٹی کے مثالی انتظامات کئے گئے ہیں۔
حکام نے جموں صوبے کے قرب و جوار میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے ہیں اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو ناکام بنانے کے لئے بھاری تعداد میں سکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔
ایک سینئر پولیس آفیسر نے بتایا کہ وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر جموں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا: ‘شہر میں مختلف مقامات پر عارضی ناکے بٹھائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سرحدی علاقوں میں نگرانی بڑھائی گئی ہے’۔