اونتی پورہ میں حزب ملی ٹینٹ گرفتار، اسلحہ اور گولہ بارود برآمد:پولیس

File Photo

سید اعجاز

ترال//پولیس نے جمعرات کو جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ میں حزب المجاہدین تنظیم سے وابستہ ایک جنگجو کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ مخصوص اطلاع کی بنیاد پر اونتی پورہ پولیس نے فوج کی 42آر آر اور سی آر پی ایف 130بٹالین نے مشترکہ طورچندریگام میں ایک خصوصی ناکہ لگایا۔
اُنہوں نے بتایا کہ ناکہ چیکنگ کے دوران مشکوک نقل و حرکت پرایک شخص کو روکا گیا اور چیکنگ کی گئی۔
چیکنگ کے دوران اُس کے قبضے سے پستول اور میگزین برآمد کی گئی۔
پولیس ترجمان کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران مذکورہ شخص کی شناخت دانش محی الدین گنائی ولد غلام محی الدین گانی ساکنہ ڈاڈسرہ اونتی پورہ کے طور پر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ابتدائی پوچھ گچھ پر گرفتار جنگجو نے قبول کیااور اس نے اعتراف کیا کہ وہ 29ستمبر 2022سے سرگرم ہے اور ممنوعہ عسکری تنظیم حزب المجاہدین سے وابستہ ہے۔
پولیس بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایف آئی آر نمبر 221/2022 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس تھانہ اونتی پورہ میں درج کی گئی ہے، مزید تفتیش/پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔