ہیرا نگر میں پولیس پوسٹ کے نزدیک پر اسرار دھماکہ، دستی بم برآمد: ایس ایس پی کٹھوعہ

جموں//ضلع کٹھوعہ کے ہیرا نگر علاقے میں بدھ کی شام ایک پر اسرار دھماکہ ہوا جس کے بعد علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا، جس دوران ایک دستی بم برآمد ہوا۔
ذرائع کے مطابق، یہ دھماکہ ہیرا نگر پولیس تھانہ کے دائرہ اختیار میں بین الاقوامی سرحد پر بارڈ پولیس پوسٹ کے نزدیک ہوا۔
تفصیلات کے مطابق، بدھ کی رات ہونے والے دھماکے کے بعد سرحدی پٹی اور جموں-پٹھانکوٹ شاہراہ کے ساتھ ساتھ سیکورٹی فورسز کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔وہیں تلاشی کاروائی کے دوران جمعرات کی صبح علاقے کی تلاشی کے بعد ایک زندہ دستی بم برآمد ہوا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی)، کٹھوعہ، شیودیپ سنگھ جموال نے کہا،”بدھ کی رات تقریباً 9:30 بجے ایک زور دار دھماکے کی اطلاع موصول ہوئی”۔
انہوں نے کہا،”ہم نے آج صبح ایک سرچ آپریشن شروع کیا… بم ڈسپوزل سکواڈ ٹیم نے نمونے اکٹھے کر کے ٹیسٹ کے لیے بھیج دیے ہیں”۔
ایس ایس پی، جنہوں نے آج صبح علاقے اور ملحقہ سرحدی علاقوں میں سرچ آپریشن کی قیادت کی، کہا کہ علاقے میں گزشتہ رات زور دار دھماکہ ہوا تھا۔شبہ ہے کہ یہ آئی ای ڈی دھماکہ تھا۔
انہوں نے مزید کہا،”آج صبح 6.30 بجے کے قریب علاقے میں ایک زندہ دستی بم ضبط کیا گیا۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کسی نے سیکورٹی فورسز کی موجودگی کا پتہ لگانے کے بعد دستی بم پھینکا”۔
جموال نے کہا کہ دھماکے کی جگہ پولیس چوکی کے قریب ہونے کی وجہ سے اس بات کا امکان ہے کہ پولیس چوکی مطلوبہ ہدف تھی۔ “یہ اس کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ بدھ کے روز، ہماری موجودگی اس علاقے میں زیادہ تھی، اسی لیے ہو سکتا ہے کہ انھوں نے گرینیڈ پھینکا ہو اور اس کے بعد انھوں نے آئی ای ڈی دھماکہ کیا ہو”۔
سرحدی چوکی سے صرف 300 میٹر کے فاصلے پر واقع سنیال گاوں کے رہائشی بلاک ڈیولپمنٹ کمیٹی (بی ڈی سی) کے چیئرمین رام لال کالیا نے کہا، ”بدھ کی رات تقریباً 9.30 بجے ہم نے ایک دھماکے کی آواز سنی۔جس کے بعد میں نے پوسٹ انچارج کو اطلاع کر دی”۔
انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ گھنٹے بعد دھماکے کی جگہ کا پتہ لگایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک زرعی کھیت میں ایک بڑا گڑھا پایا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، علاقے میں جمعرات کی صبح تلاشی آپریشن شروع کر دیا گیا اور بم ناکارہ بنانے والی ایک ٹیم نے جائے موقع سے نمونے جمع کئے ہیں۔