ہائی کورٹ نے جے ای جل شکتی، ایس آئی امتحانات منسوخ کردیئے حکومت کو جے کے ایس ایس بی کے طرز عمل کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کرنے کی ہدایت

File Photo

سری نگر// جموں کشمیر ہائی کورٹ نے جمعرات کو جے کے ایس ایس بی کی طرف سے منعقد کئے جا رہے محکمہ جل شکتی میں جونیئر انجینئر (سول) اور جموں وکشمیر پولیس میں سب انسپکٹر کے عہدوں کے لیے امتحانات کو منسوخ کر دیا ہے۔
جمعرات کو ایک مقدمہ کی سماعت کے دوران ، ہائی کورٹ نے جموں وکشمیر سروس سلیکشن بورڈ کے طرزِ عمل اور اس سے منسلک معاملات کی چھان بین کیلئے جموں وکشمیر حکومت کو ہائی کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے۔
عدالت نے حکومت کو کہا ہے کہ وہ جے کے ایس ایس بی کی جانب سے کی گئی بے ضابطگیوں کی انکوائری کرے اور قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف مناسب کارروائی شروع کی جائے۔
عدالت نے حکومت کو ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت دی ہے جس کی سربراہی کم از کم ہائی کورٹ کے ایک ریٹائرڈ جج کریں گے۔ کمیٹی جموں و کشمیر سروس سلیکشن بورڈ کے طرز عمل کی چھان بین کرے گی تاکہ امتحانات کے ٹینڈرز کی شرائط و ضوابط کو تبدیل کرنے میں کی گئی بے ضابطگیوں اور غیر قانونی کاموں کی تحقیقات کی جا سکے۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایسی کمپنی کے ذریعہ امتحان کروانے کا معاہدہ کرنے کی جانچ بھی کی جائے،جس نے پہلے عوامی امتحانات میں بدعنوانی کی ہے اور اس کے مطابق قصوروار پائے جانے والوں کے خلاف مناسب کارروائی کی جائے “۔
عدالت نے کہا،” تمام متعلقین پر بورڈ کے کام کاج کا جائزہ لینا لازم بن گیا ہے”۔