اسمبلی انتخابات کے پیش نظر جموں وکشمیر میں ہائی الرٹ جاری

عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/وں وکشمیر میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سیکورٹی انتظامات سخت کئے گئے ہیں ۔ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر کے باہر سے آنے والی گاڑیوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جارہی ہیں۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر مرکزی زیر انتظام علاقے میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ہیں۔بتادیں کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران جموں وکشمیر کے کشتواڑ، پونچھ ، کٹھوعہ اور بارہ مولہ میں چار انکاونٹر ہوئے جس دوران کیپٹن سمیت دو فوجی جاں بحق اور تین ملی ٹینٹ مارے گئے۔
اطلاعات کے مطابق جموں وکشمیر میں اسمبلی الیکشن کے پیش نظر مرکزی زیر انتظام علاقے میں سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق جموں صوبے کے سرحدی علاقوں راجوری ، پونچھ ، کٹھوعہ ، ڈوڈہ ، کشتواڑاور ادھم پور میں اضافی کمپنیوں کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ فوج کے پیرا کمانڈوز کے ساتھ ساتھ فضائیہ کی بھی خدمات حاصل کی گئی ہے۔پر امن ، منصفانہ اور آزادانہ چناو کو یقینی بنانے کی خاطر مرکزی وزارت داخلہ نے جموں وکشمیر میں پانچ سو اضافی کمپنیوں کو تعینات کیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں ایل او سی پر بھی ہائی الرٹ جاری کیا گیا ہے تاکہ ملک دشمن عناصر کے منصوبوں کوناکام بنایاجاسکے۔جموں اور سری نگر میں جگہ جگہ سلامتی عملے کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ دو پہیہ گاڑیوں کو ضبط کرنے کا بھی سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو ٹالنے کی خاطر سری نگر اور جموں میں فلائنگ اسکارڈ بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ادھر، سرینگر – جموں اور سرینگر – بارہمولہ جیسی ہائی ویز پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور تلاشی کے عمل میں اضافہ کیا گیا ہے۔ مسلح اہلکاروں اور خفیہ افسران کو تعینات کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی خطرے کو بروقت ناکام بنایا جا سکے۔حکام نے بتایا کہ صورتحال کی کڑی نگرانی کے لیے انسانی انٹیلی جنس کے علاوہ جدید تکنیکی طریقے بھی استعمال کیے جا رہے ہیں۔ سرینگر اور جموں میں متعدد چیک پوائنٹس پر گاڑیوں کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔
حکام نے یہ بھی بتایا کہ جموں و کشمیر کے دیگر ضلع ہیڈکوارٹرز میں بھی اسی طرح کے سیکورٹی پروٹوکول نافذ کیے جا رہے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران جموں وکشمیر میں چار مقامات پر سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے درمیان تصادم آرائیاں ہوئیں۔ ۔
ان تصادم آرائیوں کے دوران کیپٹن سمیت دوفوجی جاں بحق جبکہ تین مقامی ملی ٹینٹ بھی مارے گئے۔ بارہ مولہ کے کریری علاقے میں جھڑپ اختتام پذیر ہوئی تاہم جموں کے پونچھ ، کشتواڑ اور کٹھوعہ میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری ہے۔