سرینگر ،بڈگام میں گرینیڈ حملے:پولیس اہلکار،شہری زخمی

File Photo

سرینگر// وسطی کشمیر میں پیر کی شام مشتبہ اسلحہ برداروں نے دو الگ الگ مقامات پر گرینیڈ حملے کئے جن میں ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری زخمی ہوئے ہیں۔

کشمیر زون پولیس نے ایک ٹویٹ کر کے بتایا،”بڈگام کے گوپال پورہ چاڈورہ علاقے میں ملی ٹینٹوں نے گرینیڈ حملہ کیا جس میں کرن کمار سنگھ نامی ایک شہری زخمی ہوگیا۔ اسے علاج کے لیے سری نگر کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے۔ علاقے کوگھیرے میں لے لیا گیا۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے”۔

پولیس نے ایک ٹویٹ میں بتایا،”ملی ٹینٹوں نے پولیس کنٹرول روم کشمیر پرگرینیڈ پھینکا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوا۔ علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا۔ مزید تفصیلات کا انتظار ہے”۔

زرائع نے بتایا کہ حملہ آوروں کو پکڑنے کیلئے علاقے کو گھیرے میں بڑے پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ان حملوں میں ملوث افراد کو جلد کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

قبل ازیں ، گزشتہ شام سرینگر کے نوہٹہ علاقے میں جنگجووں نے پولیس پارٹی پر حملہ کیا جس میں ایک پولیس کانسٹبل زخمی ہو گیا، جو بعد میں ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔