عظمیٰ ویب ڈیسک
جموں// سرکاری اختیارات اور عہدے کا غلط استعمال کرنے کے الزام میں جموں و کشمیر حکومت نے منگل کو جموں میونسپل کارپوریشن (جے ایم سی) کے ایک کونسلر کو کونسل سے ہٹانے کا حکم دیا ہے۔
ہاوسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (ایچ اینڈ یو ڈی ڈی) نے جموں میونسپل کارپوریشن کی کونسلر جیوتی دیوی کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا ہے، جنہیں اینٹی کرپشن بیورو (اے سی بی) کے اہلکاروں نے 1000 روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا تھا۔
ہاوسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری ایک حکم نامہ کے مطابق،”جموں و کشمیر میونسپل کارپوریشن ایکٹ، 2000 کی دفعہ 34(آئی) (بی) کے تحت محترمہ جیوتی یادو، کونسلر، وارڈ نمبر 53، اپنے دفترسے اپنے حاصل اختیارات کے غلط استعمال کی بنیاد پر، فوری طور پر عہدے سے ہٹائی جا رہی ہیں”۔
بتادیں کہ گزشتہ دو سالوں میں یہ اس طرح کی دوسری کارروائی ہے۔
اس سے قبل، محکمہ نے صدر میونسپل کمیٹی اونتی پورہ بشیر احمد بھٹ کو سرکاری اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر ہٹا دیا تھا۔