حکومت نے مفت راشن سکیم میں مزید3ماہ کی توسیع کردی

نئی دہلی// مرکزی حکومت نے بدھ کے روز غریبوں کو 44ہزار 700کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے مفت راشن فراہم کرنے کے اپنے پروگرام میں تین ماہ کی توسیع کر دی ہے۔
مہنگائی سے متاثر ملک کے غریب خاندانوں کی امداد اور آئندہ گجرات انتخابات میں سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے حکومت کی جانب سے سکیم میں مزید 3ماہ کی توسیع کر دی ہے۔
وزیر برائے انفارمیشن و براڈکاسٹنگ انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ 80کروڑ غریبوں کو ہر ماہ 5کلو گندم اور چاول مفت فراہم کرنے کی سکیم، جو جمعہ کو ختم ہو رہی تھی، اب 31دسمبر 2022تک توسیع کر دی گئی ہے۔
پردھان منتری غریب کلیان انا یوجنا (PMGKAY) اپریل 2020میں ان غریبوں کی مدد کے لیے شروع کی گئی تھی جن کا ذریعہ معاش کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ملک گیر لاک ڈاؤن کے ذریعے بند کر دیا گیا تھا۔