سری نگر// جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کو کہا کہ حکومت جموں و کشمیر میں مارچ 2024 تک 129 صحت اور فلاح و بہبود مراکز کو فعال کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔
کشمیر یونیورسٹی میں ایک افتتاحی تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے سنہا نے کہا کہ اگلے سال مارچ تک 129 ’ہیلتھ اینڈ ویلنیس‘ مراکز کو آپریشنل کر دیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ مرکزی سپانسر شدہ سکیم کے تحت 17 نئی آیوش ڈسپنسریوں کو فعال بنایا گیا ہے اور جاری مالی سال کے دوران مزید 17 ڈسپنسریوں کو فعال بنایا جائے گا۔
اُنہوں نے کہا،”جموں اور کشمیر کے پانچ اضلاع بشمول کولگام، کٹھوعہ، کپواڑہ، کشتواڑ اور سانبہ میں، 50 بستروں پر مشتمل آیوش ہسپتال قائم کئے جا رہے ہیں۔ کویڈ-19 پھیلنے کے بعد 2020 سے، جموں و کشمیر کی کم از کم نصف آبادی کو آیوش مدافعتی بوسٹر اور معاون ادویات دی گئی ہیں”۔
کشمیر یونیورسٹی میں حالیہ وائی 20 ایونٹ میٹنگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے، سنہا نے کہا کہ “ایک طویل عرصے کے بعد یا میں کہہ سکتا ہوں کہ پہلی بار، کشمیر یونیورسٹی کو بین الاقوامی ایونٹ منعقد کرنے کا موقع ملا ہے جس میں کشمیر کے لوگوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا”۔
ایل جی نے کہا کہ وائی 20 ایک شاندار کامیابی تھی اور نہ صرف بھارت بلکہ دوسرے ممالک میں بھی شہر سرینگر کا چرچا بن گیا ہے۔
انہوں نے تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے گراو¿نڈ تیار کرنے پر کے یو کے وائس چانسلر، اس کی فیکلٹی اور طلبہ کو بھی سراہا۔
سنہا نے کہا،”کل بھارت میں دودھ کا عالمی دن منایا گیا۔ آپ کو یہ جان کر خوشی ہوگی کہ حکومت ہند نے اسے سری نگر میں شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے“۔
ایل جی نے کہا، “مجھے یقین ہے کہ جب بھی ہم یہاں اتنی بڑی تقریبات منعقد کرتے ہیں، لوگوں کو حکومت پر زیادہ اعتماد اور بھروسہ محسوس ہوتا ہے”۔
آیوشمان بھارت ڈیجیٹل مشن کے بارے میں بات کرتے ہوئے سنہا نے کہا کہ یہ کہنا خوشی کی بات ہے کہ قدیم زمانے سے جموں و کشمیر آیوروید کے صحت کے شعبے کا مرکز رہا ہے اور قدیم زمانے سے اس میں آیورویدک اور یونیانی ہسپتال موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ آیورویدک میڈیکل کو مضبوط بنانے کے لیے محکمہ صحت اور طبی تعلیم نے سخت محنت کی ہے اور اکھنور میں گورنمنٹ آیورویدک میڈیکل کالج اور ہسپتال شروع کیا ہے جس میں سیکھنے والوں کے لیے 35 نشستوں کی گنجائش ہے۔
سنہا نے کہا، “اسی طرح، گاندربل میں ایک سرکاری یونانی میڈیکل کالج اور ہسپتال قائم کیا گیا تھا جہاں مریضوں کا علاج کرنے کے ساتھ ساتھ سالانہ 60 ڈاکٹر تیار کیے جاتے ہیں”۔
ایل جی نے یہ بھی کہا کہ جموں و کشمیر کے سیاحتی شعبے نے کئی سنگ میل حاصل کیے ہیں۔ گزشتہ سال تقریباً 1.8 کروڑ سیاحوں نے کشمیر کا دورہ کیا۔ میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ جی 20 کی صدارت کے دوران جموں و کشمیر عالمی سیاحت کے نقشے پر اپنی جگہ بنا رہا ہے۔
حکومت آئندہ برس 129 ’ہیلتھ اینڈ ویلنیس‘ مراکز فعال کرنے کیلئے تیار: ایل جی سنہا

File Photo