سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان جی 20 اجلاس آج سے شروع

سری نگر//سرینگر میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان جی 20 اجلاس آج سے شروع ہونے جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، سری نگر پیر کو جی 20 ٹورازم ورکنگ گروپ کی تیسری میٹنگ کی میزبانی کے لیے پوری طرح سے تیار ہے، تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور سکیورٹی کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔
تین روزہ جی 20 اجلاس کی نگرانی کیلئے تین درجے کی سیکیورٹی گرڈ کا بندوبست کیا گیا ہے۔ نیشنل سیکیورٹی گارڈ (این ایس جی) اور مارکوس کمانڈوز کو اجلاس کے مقام کے ارد گرد تعینات کیا گیا ہے، فضائی نگرانی کے لیے ڈرون نصب کئے گئے ہیں۔
پولیس کے سپیشل آپریشن گروپ (ایس او جی) کو کئی مقامات پر تعینات کیاگیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ سری نگر شہر کی دیواروں اور سڑکوں کو مندوبین کے استقبال کے لیے سجایا گیا ہے۔ کشمیر کے لوگ سری نگر میں منعقدہ جی 20 سربراہی اجلاس کا خیرمقدم کرنے کے لیے بھی تیار ہیں جس سے کشمیر میں سیاحت اور کاروباری شعبے کو فروغ ملنے کی امید ہے۔