کشتواڑ میں ٹینٹ پر درخت گرنے سے 4 خانہ بدوش از جان

عاصف بٹ

کشتواڑ// جمعرات کی صبح پیش آئے ایک المناک واقعہ میں کشتواڑ ضلع کے کیشوان علاقے میں ایک خانہ بدوش خاندان کی تین خواتین سمیت چار افراد کی خیمے پر درخت گرنے کی وجہ سے موت ہو گئی۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ گزشتہ رات ہونے والی تیز بارش کے بعد تیز ہواوں کی وجہ سے کشتواڑ قصبہ سے 50 کلومیٹر دور کیشوان جنگلاتی علاقے کے بالنا علاقے میں ایک بڑا پائن درخت خیمے پر گر گیا۔
انہوں نے بتایا کہ خانہ بدوش بکروال خاندان موسمی ہجرت پر اپنی بھیڑ بکریوں کے ساتھ دچھن کی طرف بڑھ رہا تھا اور بارش کی وجہ سے انہوں نے اپنا اگلا سفر روک دیا اور بالنا کے جنگل میں اپنا خیمہ لگا لیا۔
ڈی سی کشتواڑ ڈاکٹر دیونش یادو نے بتایا کہ ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ میں کیشوان کے بالنا علاقے میں مبینہ طور پر ایک درخت خیمے پر گرنے سے 3 خواتین سمیت 4 افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔
اُنہوں نے بتایا،”پولیس پارٹی فوری طور پر موقع پر پہنچی اور ریسکیو آپریشن شروع کر دیا”۔ ڈی سی نے کہا کہ لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال لے جایا جا رہا ہے۔
ڈی سی نے کہا، ”ریڈ کراس سوسائٹی کی طرف سے متوفین کے لواحقین کو 50,000 روپے کی فوری امداد دی جا رہی ہے“۔
متوفین کی شناخت نذیر احمد ولد چٹو ، ان کی اہلیہ نثارہ بیگم، میمنہ بیگم ولد محمد شریف اور شمع بیگم ولد کالو سکنہ گٹھی بروال کٹھوعہ کے کے طور پر کی گئی ہے۔