ادھم پور بم دھماکوں میں ملوث سابق جنگجو گرفتار، چار آئی ای ڈیز اور سٹکی بم برآمد: پولیس سربراہ

Photo: Mir Imran

یو این آئی

جموں//جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ دلباغ سنگھ نے اتوار کے روز کہا کہ ادھم پور حملے میں سٹکی بموں کا استعمال کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ حملے میں ملوث ایک سابق جنگجو کو حراست میں لے کر اُس کے قبضے سے سٹکی بم اور آئی ای ڈیز برآمد کی گئیں۔
اُن کے مطابق سابق جنگجووں کو پھر سے ملی ٹینٹ سرگرمیوں کے لئے استعمال میں لایا جارہا ہے تاہم اب سابق ملی ٹینٹوں پر خصوصی نظر گزر رکھی جائے گئی۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں ایک پُر ہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں اُدھم پور میں ہوئے دو دھماکوں کی تحقیقات کے بعد معلوم ہوا ہے کہ ملی ٹینٹوں نے سٹکی بموں کا استعمال کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس نے کئی مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر اُن سے پوچھ تاچھ کی جس دوران ایک سابق جنگجو نے اپنا جرم قبول کیا۔
انہوں نے کہاکہ مذکورہ جنگجو سال 2005میں سرگرم تھا اور پھر اُس کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور بعد میں وہ رہا ہوا۔
اُن کے مطابق پاکستان میں بیٹھے ملی ٹینٹ ہینڈلرز سابق جنگجووں کو پھر سے ملی ٹینٹ حملوں کے لئے استعمال میں لا رہے ہیں۔
موصوف پولیس سربراہ نے کہاکہ حملے میں ملوث سابق جنگجو اسلم شیخ کی گرفتاری عمل میں لائی گئی اور اُس کے قبضے سے چار آئی ای ڈی اور سٹکی بم برآمد کئے گئے۔
اُنہوں نے کہاکہ مذکورہ سابق ملی ٹینٹ وزیر داخلہ کے دورے جموں وکشمیر کے پیش نظر مزید حملوں کی فراق میں تھا۔
اُن کے مطابق اسلم شیخ نے اُدھم پور حملے میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔
دلباغ سنگھ نے کہاکہ پاکستان میں بیٹھے ملی ٹینٹ محمد امین بٹ عرف خبیب گرفتار سابق ملی ٹینٹ اسلم شیخ کے رابطے میں تھا
اسلم شیخ کو تین سٹکی بم اور چار آئی ای ڈیز فراہم کئے گئے تھے۔
سابق جنگجووں کو پھر سے ملی ٹینٹ صفوں میں شامل کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پولیس چیف نے کہاکہ ہم سابق ملی ٹینٹوں اور اعانت کاروں پر خصوصی نظر گزر رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ادھم پور حملے میں ملوث سابق جنگجو کی گرفتاری کے بعد یہ باور ہو رہا ہے کہ مزید سابق جنگجووں کو سٹکی بم حملوں کے لئے تیار کرنے کا امکان ہے۔
پولیس سربراہ کے مطا بق سٹکی بم اب سیکورٹی ایجنسیوں کے لئے بڑا چیلنج اُبھر کر سامنے آیا ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ جموں وکشمیر میں اس وقت حالات پوری طرح سے معمول پر ہیں جو سماج دشمن عناصر کو ناگوار گزر رہا ہے۔