یوم عاشورہ جلوس: عوام کے تعاون سے ہی سب کچھ ممکن ہو پایا ہے: اے ڈی جی پی وجے کمار

یو این آئی

سری نگر// ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) کشمیر وجے کمار نے سنیچر کے روز کہاکہ بوٹہ کدل سے امام باڈہ زڈی بل تک عاشورہ جلوس کے لئے سیکورٹی کے فل پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔
سری نگر میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دورا ن ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس وجے کمار نے بتایاکہ سری نگر میں عاشورہ جلوس کے پر امن انعقاد کے لئے فل پروف سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ شیعہ آبادی والے علاقوں میں درمیانی شب ہی سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ۔
ان کے مطابق ایک طویل عرصے کے بعد تاریخی جلوس کی اجازت دینا بدلتے ہوئے کشمیر کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اس طرح کی تقریبات کے لیے سیکورٹی فراہم کرتی ہے لیکن “آخری کریڈٹ عوام کو جاتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عوام کے تعاون سے ہی یہ سب کچھ ممکن ہو پایا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے ہیں اور سب کچھ پر امن طریقے سے ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رات کے دو بجے سے ہی افسران تعینات تھے۔
اس موقع پر ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر اعجاز اسد نے کہا کہ یوم عاشورہ کے موقع پر انتظامیہ نے زمینی سطح پر انتظامات کئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عزادر پر امن طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں اور حضرت امام حسین(ع)کی عظیم شہادت کو یاد کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ حضرت امام حسین علیہ السلام کے پیغام کو عام کیا جائے۔
واضح رہے کہ انتظامیہ نے عاشورہ کے موقع پر بوٹہ کدل سے امام باڑہ زڈی بل تک عظیم الشان عاشورہ کے جلوس کی اجازت دی ہے۔
اس سے قبل 8 محرم کو انتظامیہ نے 34 سال میں پہلی بار گرو بازار سے ایم اے روڈ سے ڈل گیٹ تک جلوس نکالنے کی اجازت دی تھی۔
شیعہ رہنماوں اور عزاداروں نے اس تاریخی فیصلے کے لئے ایل جی منوج سنہا کا شکریہ ادا کیا ہے۔