کٹھوعہ اور اودھم پور میں سڑک حادثات، 2 کمسنوں سمیت 5 جاں بحق

عظمیٰ ویب ڈیسک

جموں// جموں و کشمیر کے کٹھوعہ ضلع میں دو الگ الگ سڑک حادثات میں دو نابالغ لڑکیوں سمیت چار افراد کی موت واقع ہو گئی وہیں اودھم پور میں پیش آئے سڑک حادثے میں خاتون جاں بحق ہو گئی۔

پولیس ذرائع نے بتایا کہ کٹھوعہ ضلع میں راجباغ کے چیک گاؤں کے سرجیت کمار (عمر40) اور اس کی بیٹی سونالی (عمر 11) اس وقت ہلاک ہو گئے جب رات 12 بج کر 45 بجے کے قریب جموں-پٹھانکوٹ قومی شاہراہ پر لکھن پور میں ان کی موٹر سائیکل ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔

انہوں نے بتایا کہ وہ پٹھانکوٹ سے اپنے گاؤں واپس آ رہے تھے جب ان کی موٹر سائیکل جموں جانے والے ٹرک سے ٹکرا گئی۔

انہوں نے بتایا کہ ایک اور حادثے میں، ایک خاتون اور اس کی پوتی اتوار کی شام کو قومی شاہراہ پر صادق چیک کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل کی زد میں آ کر ہلاک ہو گئیں۔

پولیس نے بتایا کہ سات سالہ سمیرا کی موقع پر ہی موت ہو گئی، اس کی دادی سنتوش (50) ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسیں۔

دریں اثناء، اودھم پور میں اتوار کو جموں سری نگر قومی شاہراہ پر ٹکری کے قریب گرنائی کے مقام پر دو نجی کاروں کے ٹکرانے سے ایک خاتون ہلاک اور سات دیگر زخمی ہو گئے۔