تھائی لینڈ میں فائرنگ، 36 افراد ہلاک

یو این آئی

بنکاک// تھائی لینڈ کے صوبہ نونگ بوا لامفو میں جمعرات کو چائلڈ کیئر سینٹر میں فائرنگ کے نتیجے میں 24 بچوں سمیت کم از کم 36 افراد ہلاک ہو گئے۔
صوبائی محکمہ تعلقات عامہ کے فیس بک پیج پر جاری کردہ پوسٹ کے مطابق مرنے والوں میں 24 بچے اور 12 بالغ شامل ہیں۔ 12 دیگر افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ یہ واقعہ مقامی وقت کے مطابق رات 12:40 بجے کے قریب پیش آیا۔ حملہ آور، ایک مبینہ سابق پولیس افسر، نے فائرنگ کے تبادلے کے بعد اپنے خاندان کے افراد کو قتل کیا اور پھر خود کو گولی مار لی۔
ٹیلی ویژن فوٹیج میں ایمبولینس اور متاثرین کے اہل خانہ کو چائلڈ کیئر سنٹر کے باہر جمع ہوتے دکھایا گیا ہے۔
تھائی لینڈ کے وزیر اعظم پرایوت چان اوچا نے اپنے فیس بک اکاؤنٹ پر لکھاکہ’’میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ نیشنل پولیس چیف کو واقعہ کی تیزی سے تحقیقات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔‘‘
چائلڈ کیئر سنٹر میں کام کرنے والی ایک خاتون نے مقامی ٹیلی ویژن چینل کو بتایا کہ وہ دوپہر کا کھانا کھا رہی تھی جب اس نے آواز سنی اور زخمیوں کو زمین پر گرتے دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ حملہ آور نے دروازہ بند ہونے کی وجہ سے کھڑکی توڑ دی لیکن وہ جائے واقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی۔