کپواڑہ میں آتشزدگی؛7مویشی ہلاک، رہائشی مکان کو نقصان

کپواڑہ// شمالی کشمیر کے کپواڑہ ضلع میں آتشزدگی کے دو الگ الگ واقعات میں کم از کم سات مویشی جھلس کر ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ایک رہائشی مکان کو نقصان پہنچا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، اتوار اور پیر کی درمیانی شب ماور قلم آباد کے حقداجی شیخ پورہ میں عبدالاحد ملّا کے گاﺅ خانے میں آگ بھڑک اٹھی۔
زرائع نے بتایا کہ آتشزدگی کے واقعے میں 2 گائے اور 5 بکریوں سمیت 7 مویشی جل کر ہلاک ہو گئے جبکہ گاﺅ خانہ مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گیا۔
سٹیشن ہاوس آفیسر قلم آباد جان محمد نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’ہیٹنگ ڈیوائس‘(بخاری)کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں کوئی زخمی یا انسانی جان کا نقصان نہیں ہوا۔
اسی دوران،کپواڑہ ضلع کے ہائیہامہ علاقے میں آتشزدگی کے ایک اور واقع میں آج صبح ایک رہائشی مکان کو نقصان پہنچا۔
اطلاعات کے مطابق ہائیہامہ میں ولی محمد ڈار ولد نور محمد ڈار کے رہائشی مکان کو نقصان پہنچا۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ فائر اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ ٹینڈرز کے موقع پر پہنچنے سے قبل ہی مقامی لوگوں نے آگ پر قابو پالیا۔