بمنہ سرینگر میں بھیانک آتشزدگی، تین رہائشی مکان خاکستر

File Image

سرینگر// جموں وکشمیر کی گرمائی راجدھانی سری نگر کے ہمدانیہ کالونی بمنہ علاقے میں جمعے کے روز آگ کی ایک ہولناک واردات کے دوران تین رہائشی مکان خاکستر ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ہمدانیہ کالونی بمنہ سیکٹر نمبر 5میں جمعہ بارہ بجکر 20منٹ پر اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل مزید دو مکانوں کو لپیٹ میں لے لیا۔
معلوم ہوا ہے کہ فائراینڈ ایمرجنسی اور مقامی لوگوں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں تین رہائشی مکان تباہ ہوئے۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک عہدیدار نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ جمعے کے روز بارہ بجکر 21منٹ پر ہمدانیہ کالونی بمنہ میں رہائشی مکان سے آگ نمودار ہونے کی اطلاع ملتے ہی فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کے اہلکار جائے موقع پر پہنچے
انہوں نے کہاکہ چھ فائر ٹینڈروں کی مدد سے آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں تین رہائشی مکانوں کونقصان پہنچا ہے۔
دریں اثنا پولیس نے آگ لگنے کی وجوہات جاننے کی خاطر کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔