کولگام میں بھتہ خوروں کے گروہ کا پردہ فاش، 5 گرفتار: پولیس

کولگام //کولگام پولیس نے بھتہ خوری کے ریکیٹ کا پردہ فاش کرتے ہوئے اس میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کیا جو جعلی ہتھیاروں کے ساتھ لوگوں کو لوٹ رہے تھے۔
کولگام پولیس کو کتراسو، متی بگ اور تاریگام وغیرہ کے رہائشیوں کی طرف سے متعدد شکایات موصول ہوئیں کہ کچھ افراد خود کو ملی ٹینٹ قرار دیتے ہوئے ان کے گھروں میں گھس آئے، انہیں ہتھیاروں سے ڈرایا اور رقم اور دیگر قیمتی اشیا مانگیں اور موقع سے فرار ہوگئے۔
معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے پولیس تھانہ یاری پورہ میں ایف آئی آر نمبر 92/2022 قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
تفتیش کے دوران ایس ایچ او یاری پورہ کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاشی لی گئی اور متعدد ناکے قائم کیے گئے۔ آج ماڈیول کے بارے میں ایک خاص معلومات حاصل ہونے کے بعد، یاری پورہ میں ایک خصوصی ناکہ قائم کیا گیا اور پانچ ملزمان گرفتار کئے گئے جن کی شناخت نذیر احمد ملک ساکن شوپیاں، خالد حسین ، رضوان احمد ، کامران اور ابرار احمد ساکنان پلوامہ کے بطور ہوئی ہے، کو گرفتار کیا گیا ۔
پولیس نے بتایا کہ ان کے قبضے سے 2 کھلونا بندوقیں،1کھلونا پستول، 2کٹر، 5 موبائل فون اور 5 ماسک برآمد کیے گئے، جرائم میں استعمال ہونے والی گاڑی بھی برآمد کی گئی۔
پولیس نے معاملہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔