عاصف بٹ
کشتواڑ// کشتواڑ میں سابقہ فوجی نے گھرمیں رکھی بارہ بور رائفل سے اہلیہ، بیٹی اور خود کو گولی مار کر زخمی کر دیا جس کے بعد زخمیوں کو علاج کیلے ضلع ہسپتال کشتواڑ منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق، یہ واقعہ ضلع ہیڈ کوارٹر سے 25 کلو میٹر دور ٹھاکرائی کے انجول علاقہ میں منگل کی دیر شام کو پیش آیا جب سابقہ فوجی نے گھر میں رکھی بارہ بور رایفل سے اہلیہ، بچی اور خود پر نامعلوم وجوہات پر گولی چلائی۔
حادثے کے فوری بعد پولیس نے جاۓ واقعہ پر جا کر سبھی زخمی افراد کو ضلع ہسپتال منتقل کیا۔
سابقہ فوجی کی شناخت غلام حسن عمر 45 ولد فقیر محمد کے طور ہوئی ہے، اسے گولی گردن پر لگی ہے وہیں اسکی اہلیہ روبینہ بیگم عمر 37 کے ہاتھ پر گولی لگی ہے جبکہ غلام حسن کی بارہ سالہ بیٹی نصرینہ بانو کو چھریں لگی ہیں سبھی کا ضلع ہسپتال کشتواڑ میں علاج جاری ہے۔ اور حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی یے۔
فوری طور سابقہ فوجی کے انتہائی قدم کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔